پاکستان کی قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے اپنے فضائی بیڑے کو جدید بنانے کے عمل میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے پہلا بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارہ شامل کر لیا ہے۔ یہ طیارہ لیز پر حاصل کیا گیا ہے جو پاکستان کی کسی بھی ایئرلائن کے فضائی بیڑے میں شامل ہونے والا اپنی نوعیت کا پہلا بوئنگ 787-9 ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق یہ جدید طیارہ لندن سے پرواز پی کے 786 کے ذریعے اسلام آباد پہنچا۔ طیارے کی آمد پر سی ای او پی آئی اے ایئر وائس مارشل عامر حیات نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر اس کا استقبال کیا۔
پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ جدید ٹیکنالوجی، ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ اور کشادہ و آرام دہ کیبن جیسی سہولیات سے آراستہ ہے۔ اس طیارے کی شمولیت کا مقصد قومی ایئرلائن کے بین الاقوامی نیٹ ورک کو مزید مستحکم کرنا اور مسافروں کو عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
اس نئے طیارے کی شمولیت پی آئی اے کی جانب سے اپنی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس سے مسافروں کو طویل پروازوں کے دوران بہتر اور آرام دہ ماحول میسر آئے گا۔



اپنی رائے دیں