پاکستان نے ہانگ کانگ میں جاری انٹرنیشنل سکسز ٹورنامنٹ کے پلیٹ فائنل میں عمان کو 18 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ مشن روڈ گراؤنڈ مونگ کوک میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 6 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کیا۔ کپتان عباس آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 16 گیندوں پر ناقابل شکست 73 رنز بنائے، جس میں 11 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔
دیگر کھلاڑیوں میں عبدالصمد نے 32 اور احمد دانیال نے ناقابل شکست 25 رنز کی اننگز کھیلی۔ عمان کی جانب سے مظاہر رضا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں عمان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا سکی۔ عثمان علی نے 67 اور زوہیب امانت نے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں لیکن وہ اپنی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔
عباس آفریدی کو ان کی شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔


اپنی رائے دیں