خیبر پختونخوا کے محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے صوبے بھر کے تمام اضلاع میں خستہ حال اور غیر محفوظ اسکول عمارتوں سے طلبہ کو فوری طور پر منتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ گزشتہ ماہ پشاور کی دیر کالونی میں اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ غیر محفوظ قرار دی گئی عمارتوں یا ان کے حصوں میں زیر تعلیم طلبہ کو فوری طور پر اسکول کے محفوظ حصوں یا قریبی سرکاری اسکولوں میں منتقل کیا جائے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق، اگر قریبی سرکاری اسکولوں میں گنجائش یا سہولیات دستیاب نہ ہوں تو طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے کرائے کی عمارتوں کا بندوبست کرنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ صرف ان کمروں یا حصوں کو خالی کروا کر سیل کیا جائے گا جنہیں تکنیکی ماہرین نے خطرناک قرار دیا ہے۔
ان عمارتوں اور کمروں کی نشاندہی محکمہ مواصلات و تعمیرات (Communication and Works Department) اور متعلقہ تکنیکی ماہرین کی جانب سے کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پشاور میں اسکول کی چھت گرنے سے 33 بچے اور ایک خاتون ٹیچر شہید ہو گئے تھے۔



اپنی رائے دیں