سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان کوسال مینڈس نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کی بڑی وجہ پہلی اننگز میں بیٹنگ کی ناکامی تھی۔ انہوں نے راولپنڈی میں سیریز کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔
کوسال مینڈس نے اعتراف کیا کہ وہ خود بھی پہلی اننگز میں زیادہ دیر وکٹ پر نہیں ٹھہر سکے اور انہیں بڑی اننگز کھیلنی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کو بیٹنگ میں ابتدائی شراکتیں قائم کرنے اور نئی گیند سے باؤلنگ کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔
سری لنکن کپتان کے مطابق، دھننجایا ڈی سلوا اور کامندو مینڈس سمیت دیگر کھلاڑیوں نے ٹیم کے لیے بھرپور کوشش کی اور وہ اپنی اور ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی باؤلرز نے کنڈیشنز کے مطابق اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ سری لنکن باؤلرز نے بھی بعض اننگز میں اچھی کارکردگی دکھائی۔
کوسال مینڈس نے نشاندہی کی کہ گزشتہ چند دوروں کی طرح پاکستان کے خلاف اس سیریز میں بھی ابتدائی بیٹنگ شراکتیں قائم کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ انہوں نے کہا کہ فاسٹ باؤلرز کو نئی گیند سے درست لائن اور لینتھ پر باؤلنگ کرنے اور ابتدائی اوورز میں وکٹیں حاصل کرنے پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔
انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی میزبانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی سمیت تمام انتظامات بہترین تھے۔ کوسال مینڈس نے مزید کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں سری لنکا کی کارکردگی دورے کا ایک مثبت پہلو رہی اور ان کی اپنی سنچری بھی ایک یادگار لمحہ ہے۔
سری لنکن کپتان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں اچھی وکٹوں پر کھیلنے کا موقع ملا جس سے ٹیم نے بہت کچھ سیکھا ہے۔





اپنی رائے دیں