حکومت نے جمعرات کے روز پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کر دی ہے، جو کہ قیمتوں میں مسلسل آٹھویں کمی ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، نئی قیمتوں کے اطلاق کے بعد 13 نومبر بروز جمعہ سے پیٹرول کی نئی قیمت 332 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 360 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے اس وقت پیٹرول پر 114 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر ٹیکسز اور ڈیوٹیز عائد ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، 2 نومبر کو کیے گئے ایک معاہدے کے تحت آئل ریفائنریز 30 دنوں کے لیے پیٹرولیم لیوی کی مد میں مجموعی طور پر 15 ارب روپے کا بوجھ خود برداشت کریں گی، جس کی بدولت صارفین کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 71 پیسے فی لیٹر تک کا ریلیف ممکن ہوا ہے۔ یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے باعث ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت نے 17 ستمبر کو ملک بھر میں "وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم” کا آغاز کیا تھا، جس کا اطلاق موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان پر ہوتا ہے۔
عالمی منڈی میں تیل کی صورتحال دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں جمعرات کو ابتدائی کمی کے بعد معمولی اضافہ دیکھا گیا، کیونکہ مشرقِ وسطیٰ اور روس میں جاری جغرافیائی و سیاسی کشیدگی نے خام تیل کی بڑھتی ہوئی پیداوار کے دباؤ کو زائل کر دیا۔ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 25 منٹ پر برینٹ کروڈ فیوچرز 65 سینٹس کے اضافے سے 93.40 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 1 سینٹ کے اضافے سے 86.54 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا۔ تاہم، ابتدائی ایشیائی کاروبار میں دونوں معاہدوں میں فی بیرل ایک ڈالر سے زائد کی گراوٹ دیکھی گئی تھی اور مجموعی طور پر ہفتہ وار بنیادوں پر قیمتیں کمی کی جانب گامزن رہیں۔
ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور کفایت شعاری کے اقدامات واضح رہے کہ 28 فروری کو ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ چھڑنے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 281 روپے فی لیٹر سے بڑھنا شروع ہوئی تھی اور 3 اپریل کو 520 روپے 35 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، جس میں اب بتدریج کمی واقع ہوئی ہے۔ اسی طرح پیٹرول کی قیمت بھی مارچ کے پہلے ہفتے میں 266 روپے سے بڑھ کر 3 اپریل کو 458 روپے 41 پیسے کی ریکارڈ سطح پر جا پہنچی تھی۔
مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے تناظر میں حکومت نے ایندھن کی بچت کے لیے ایک بار پھر کفایت شعاری کے متعدد اقدامات نافذ کیے ہیں۔ ان اقدامات کے تحت ملک بھر میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ سرکاری گاڑیوں کے فیول کوٹے میں تین ماہ کے لیے 50 فیصد کٹوتی کر دی گئی ہے۔
ایران اور امریکہ کے درمیان دوبارہ کشیدگی اور عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے باعث حکومت 17 جولائی سے تقریباً روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کر رہی ہے۔ وزیرِ پیٹرولیم کے مطابق، وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے عالمی مارکیٹ کے رجحانات کو مدِنظر رکھتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کے تعین کا اختیار اوگرا کو تفویض کیا ہے۔ اس سے قبل مارچ کے اوائل سے ہفتہ وار بنیادوں پر قیمتوں کا تعین کیا جا رہا تھا اور اپریل میں مستحق صارفین کے لیے سبسڈی کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق پیٹرول بنیادی طور پر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں میں استعمال ہوتا ہے، اس لیے اس کی قیمتوں میں ردوبدل براہِ راست متوسط اور نچلے متوسط طبقے کو متاثر کرتا ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمتوں میں تبدیلی کا اثر بھی براہِ راست عوام پر پڑتا ہے کیونکہ یہ ہیوی ٹرانسپورٹ، پاور پلانٹس اور بڑے جنریٹرز میں استعمال ہوتا ہے۔ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل حکومتی آمدنی کا بڑا ذریعہ ہیں جن کی ماہانہ فروخت 7 سے 8 لاکھ ٹن کے درمیان ہے، جبکہ اس کے مقابلے میں مٹی کے تیل کی ماہانہ طلب محض 10 ہزار ٹن ہے۔





اپنی رائے دیں