جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ابر آلود موسم کے دوران کھیل کے چوتھے روز جب آغاز ہوا تو سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز 404 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی۔ ڈیبیو کرنے والے پیسر ثاقب خان نے صبح کے سیشن میں تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پوری سری لنکن ٹیم کو 446 رنز پر پویلین بھیج دیا۔ مہمان ٹیم نے اپنی آخری 6 وکٹیں محض 42 رنز کے اضافے پر گنوائیں اور اسے پہلی اننگز میں صرف 12 رنز کی معمولی برتری حاصل ہو سکی۔
فاسٹ بولر ثاقب خان نے 130 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے دن کے پہلے ہی اوور میں سنچری اسکور کرنے والے دھننجایا ڈی سلوا کو اپنے کل کے اسکور 167 رنز پر ہی وکٹ کیپر غازی غوری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کے پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے بعد پانچویں اوور میں سری لنکن کپتان کوسل مینڈس بھی اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 2 رنز کا اضافہ کر کے 119 کے انفرادی اسکور پر ثاقب کا شکار بن گئے۔ ان دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 249 رنز کی طویل شراکت قائم کی تھی۔
ثاقب خان نے سونل دینوشا 20 رنز کو سلپ میں کیچ کرا کے اپنی پانچ وکٹیں مکمل کیں اور پھر ٹیل اینڈرز لاہیرو کمارا (0) اور اسیتھا فرنینڈو (4) کو آؤٹ کر کے ٹیسٹ ڈیبیو پر اننگز میں 7 وکٹیں لینے والے چوتھے پاکستانی بولر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ اس سے قبل یہ کارنامہ فاسٹ بولر محمد زاہد (66 رنز کے عوض 7 وکٹیں)، آف اسپنر محمد نذیر (99 رنز کے عوض 7 وکٹیں) اور لیگ اسپنر ابرار احمد (114 رنز کے عوض 7 وکٹیں) انجام دے چکے ہیں۔
پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو کھانے کے وقفے سے قبل اوپنر طیب عارف 11 رنز بنا کر اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ دوسرے سیشن میں صرف 45 منٹ کا کھیل ہو سکا جس کے بعد کم روشنی اور بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ کھیل رکنے تک پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 57 رنز بنا لیے تھے اور اسے مجموعی طور پر 45 رنز کی برتری حاصل ہے، جبکہ اوپنر اذان اویس 22 اور محمد طحہٰ 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ موجود ہیں۔
جمعہ (آخری روز) کو بھی بارش کی پیشگوئی کے باعث پہلا ٹیسٹ ڈرا ہونے کا قوی امکان ہے، جس کے بعد سیریز کے فیصلے کا دارومدار 17 نومبر سے راولپنڈی میں ہی شیڈول دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ پر ہو گا۔





اپنی رائے دیں