کراچی کے علاقے سر جانی ٹاؤن میں ناردرن بائی پاس کے قریب کٹی پہاڑی کے مقام پر ایک مسافر بس اور ہیوی ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کمسن بچے سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
چھیپا حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 3 سالہ دینا امین شامل ہے، جبکہ دیگر دو افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے جن کی عمریں 45 سال اور 17 سال بتائی گئی ہیں۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 63 سالہ سراج الدین، 70 سالہ محمد اللہ، 65 سالہ سلیمان، 27 سالہ رفیق اور 35 سالہ فاطمہ شامل ہیں، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جس کے نتیجے میں بس کا آدھا حصہ شدید متاثر ہوا۔ بس میں سوار دیگر مسافروں کو نکالنے کے لیے امدادی ٹیموں نے سخت جدوجہد کی، جبکہ ہسپتال میں زیرِ علاج زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
پولیس حکام نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس مسافروں سے مکمل طور پر بھری ہوئی تھی اور اس کی چھت پر بھی بھاری وزنی سامان لدا ہوا تھا، جس کے باعث حادثے کی شدت میں اضافہ ہوا اور بس کے اندر کئی مسافر پھنس کر رہ گئے۔
شہر کے دیگر علاقوں میں بھی ٹریفک کے حادثات پیش آئے ہیں۔ سپر ہائی وے پر براق پمپ کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 55 سالہ شازیہ زوجہ ایڈوکیٹ گل محمد خان جاں بحق ہو گئیں۔ متوفیہ گرین ٹاؤن شاہ فیصل کالونی کی رہائشی تھیں اور اپنے بیٹے شجاع محمد خان کے ہمراہ دندان ساز کے پاس جا رہی تھیں۔
سچل پولیس نے سپر ہائی وے والے حادثے کے ذمہ دار کار ڈرائیور کو گرفتار کر کے گاڑی قبضے میں لے لی ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق متوفیہ کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید ہسپتال منتقل کی گئی تھی۔
لیاقت آباد انڈر پاس میں بھی ٹریفک حادثے میں ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا۔ ایس ایچ او شریف آباد ہدایت اللہ نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 35 سالہ محمد عمران ولد محمد ابراہیم کے نام سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق محمد عمران اپنے دوست کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ سڑک پر موجود گڑھے کے باعث موٹر سائیکل بے قابو ہو کر گر گئی۔ اس دوران عمران عقب سے آنے والے شہزور ٹرک کی زد میں آ گیا، جبکہ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ایس ایچ او شریف آباد کے مطابق متوفی کے ورثا نے اس واقعے میں قانونی کارروائی سے گریز کیا ہے، جس کے بعد ضابطے کی کارروائی مکمل کر کے لاش لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے۔
کراچی میں ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر پولیس اور ٹریفک حکام نے شاہراہوں پر نگرانی سخت کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ناردرن بائی پاس پر پیش آنے والے حادثے کے بعد ٹریفک کی روانی کافی دیر تک متاثر رہی، جسے بعد ازاں ریسکیو ٹیموں کی مدد سے بحال کیا گیا۔
عباسی شہید ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جہاں ڈاکٹروں کی ٹیمیں ان کی جان بچانے کے لیے کوشاں ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس کے ڈرائیور اور ٹریلر کے عملے کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔




اپنی رائے دیں