وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے بیجنگ میں چین کے نائب وزیرِ تجارت یان ڈونگ اور ریاستی کونسل کے ترقیاتی تحقیقی مرکز کے صدر لو ہاؤ سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔
وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے جاری کردہ بیان کے مطابق ان ملاقاتوں میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کے قیام میں تیزی لانے اور پاکستان کی برآمدات بڑھانے کی تجاویز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وفاقی وزیر نے ملاقات کے دوران بتایا کہ چین ہر سال تقریباً 3 ٹریلین امریکی ڈالر کی اشیا درآمد کرتا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں پاکستان کی چین کو برآمدات تقریباً 3 ارب ڈالر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک کی مجموعی درآمدات میں پاکستان کا حصہ محض 0.1 فیصد ہے، جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ چینی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کے لیے زبردست گنجائش موجود ہے۔
ان اقدامات سے پاکستانی کاروباری اداروں کو اپنی مصنوعات پیش کرنے، چینی خریداروں سے براہِ راست رابطے قائم کرنے اور طویل مدتی تجارتی شراکت داریاں استوار کرنے کے بھرپور مواقع ملیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک 2.0 اور اُڑان پاکستان کے تحت پاک چین دوستی کی مضبوط بنیادوں پر پاکستان میں صنعتی سرمایہ کاری، برآمدات اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
چین کی ریاستی کونسل کے ترقیاتی تحقیقی مرکز کے صدر لو ہاؤ سے ملاقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ملاقات میں پاکستان کی برآمدات میں اضافے اور معاشی خودمختاری کے استحکام کے لیے تحقیقی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ معاشی خودمختاری کا اصل راستہ برآمدات سے ہو کر گزرتا ہے اور ڈالر کی قلت اس وقت ترقی کا سفر روک دیتی ہے جب درآمدات کا خرچ زرمبادلہ کی آمدن سے زیادہ تیزی سے بڑھے۔
اسی تناظر میں اُڑان پاکستان کے پانچ ستونوں میں سب سے پہلا ستون برآمدات کو قرار دیا گیا ہے تاکہ پاکستانی صنعت کار اور کاشت کار عالمی منڈیوں میں اپنی مصنوعات کی فروخت کو بڑھا سکیں۔
ملاقات میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس اور چینی مرکز کے ایک مشترکہ تحقیقی منصوبے پر بھی بات چیت کی گئی جس کا مقصد چین کے تجربات سے سیکھ کر عملی لائحہ عمل تیار کرنا ہے۔
اس تحقیق کا بنیادی ہدف 2035 تک پاکستان کی سالانہ برآمدات کو سو ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کرانا ہے تاکہ ملکی برآمد کنندگان کو درپیش مسائل کے عملی حل مل سکیں۔
وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب کوئی پاکستانی کاروباری ادارہ بیرونِ ملک خریدار کا اعتماد جیتتا ہے تو اس سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور ملک کو خاطر خواہ زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے۔





اپنی رائے دیں