سندھ کے سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز منور علی مہیسر اور کمشنر شہید بینظیر آباد ڈویژن غلام قادر خان تالپور نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہاکی سٹیڈیم نو اب شاہ میں سندھ پنک گیمز 2026 کا باضابطہ افتتاح کردیا۔
محکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز سندھ اور ڈویژنل انتظامیہ شہید بینظیر آباد کے اشتراک سے منعقد ہونے والے اس تین روزہ کھیلوں کے ایونٹ میں کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ، میرپورخاص، سکھر اور شہید بینظیر آباد ڈویژن کی 1300 سے زائد خواتین کھلاڑی شرکت کر رہی ہیں۔
یہ مقابلے 29 نومبر تک جاری رہیں گے جن میں صوبے بھر کی خواتین کھلاڑی مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر رہی ہیں۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عبدالصمد نظامانی، میئر قاضی محمد رشید بھٹی، ڈائریکٹر سپورٹس محمد اسحاق، زونل انچارج نادرا رفیق احمد بلر اور ڈپٹی ڈائریکٹر پاکستان بیت المال شہزاد جسکانی نے شرکت کی۔
تقریب میں سید حسن عسکری اور فدا حسین ڈاہری سمیت مختلف محکموں کے افسران، کھیلوں سے وابستہ شخصیات، کوچز اور بڑی تعداد میں خواتین کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے دوران مختلف ڈویژنوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کھلاڑیوں نے روایتی انداز میں مارچ پاسٹ پیش کیا اور اپنے پرجوش جذبے کا بھرپور اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز سندھ منور علی مہيسر نے کہا کہ سندھ حکومت خواتین کو کھیلوں کے میدان میں آگے لانے، انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
منور علی مہیسر کا کہنا تھا کہ سندھ پنک گیمز خواتین کی خوداعتمادی میں اضافے، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور کھیلوں کے شعبے میں نئے مواقع پیدا کرنے کا اہم پلیٹ فارم ثابت ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی بیٹیاں کسی بھی شعبے میں کسی سے کم نہیں، انہیں مناسب مواقع اور سہولیات فراہم کرکے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک اور صوبے کا نام روشن کرنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔
سیکرٹری سپورٹس نے کہا کہ کھیلوں سے جسمانی صحت کے ساتھ نظم و ضبط، ٹیم ورک، برداشت، حوصلے اور قائدانہ صلاحیتوں کو بھی فروغ ملتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر کھیل محمد بخش مہر کی ہدایات پر محکمہ سپورٹس صوبے کے مختلف اضلاع میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کر رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آسکیں۔
کمشنر شہید بینظیر آباد غلام قادر خان تالپور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نو اب شاہ میں سندھ پنک گیمز کا انعقاد پورے ڈویژن کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔
غلام قادر خان تالپور نے کہا کہ ایسے مقابلوں سے خواتین کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے بھرپور مواقع ملیں گے اور نوجوان نسل میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ ایونٹ کی کامیابی اور کھلاڑیوں کو ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔
ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پنک گیمز کے انعقاد کا بنیادی مقصد خواتین کی کھیلوں میں شرکت بڑھانا، ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور صحت مند مسابقت کی فضا پیدا کرنا ہے۔
عبدالصمد نظامانی نے کہا کہ یہ ایونٹ صوبے میں خواتین کے کھیلوں کے فروغ اور نچلی سطح پر نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گا۔
گیمز کے دوران ایتھلیٹکس، ہاکی، کرکٹ، فٹبال، والی بال، باسکٹ بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، ٹینس اور نیٹ بال سمیت 22 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔
افتتاحی تقریب کے دوران سندھ کے معروف فنکار علی گل ملاح نے اسٹیج پر اپنا فن پیش کیا جسے وہاں موجود شرکاء نے بہت سراہا۔
تقریب کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا جس نے نو اب شاہ کے آسمان کو رنگین روشنیوں سے روشن کردیا۔
ان مقابلوں میں تمام ڈویژنوں سے آئی ہوئی ٹیمیں مقررہ شیڈول کے مطابق مختلف کھیلوں کے گراؤنڈز میں ایک دوسرے کے مد مقابل آ رہی ہیں۔





اپنی رائے دیں