گولڈن اسٹیٹ وارئیرز نے اپنے اہم باسکٹ بال کھلاڑی اسٹیفن کری کو او بلیک مسل کی چوٹ سے بحالی کے عمل کے پیشِ نظر آئندہ تین میچوں کے لیے ٹیم سے باہر کر دیا ہے۔
ٹیم انتظامیہ کی جانب سے جمعے کے روز جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسٹیفن کری کی صحت میں بہتری آ رہی ہے اور انہوں نے کورٹ میں انفرادی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔
گولڈن اسٹیٹ وارئیرز کے مطابق سٹار گارڈ کی یہ سیشن مشقیں ٹیم کے شعبہ صحت کے سربراہ اور میڈیکل فیصلوں کے ذمے دار رک سیلیبرینی کی زیرِ نگرانی جاری ہیں۔
ٹیم جمعے کی رات پورٹ لینڈ ٹریل بلیزرز کے خلاف میچ کے لیے پورٹ لینڈ روانہ ہو گئی، جبکہ اسٹیفن کری سان فرانسسکو ہی میں مقیم رہے تاکہ اپنی بحالی کی مشقیں جاری رکھ سکیں۔
وارئیرز کے شیڈول کے مطابق اسٹیفن کری پورٹ لینڈ ٹریل بلیزرز کے خلاف جمعے کے میچ کے علاوہ اتوار کو لاس اینجلس کلپرز کے خلاف ہوم میچ میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔
اس کے ساتھ ہی وہ منگل کے روز یوٹاہ جاز کے خلاف ہوم گراؤنڈ سے باہر کھیلے جانے والے مقابلے سے بھی محروم رہیں گے۔
گولڈن اسٹیٹ وارئیرز کی طبی ٹیم بدھ کے روز، یوٹاہ جاز کے خلاف میچ کے بعد، اسٹیفن کری کی طبی حالت کا دوبارہ جائزہ لے گی تاکہ ہوم میچوں کے بقیہ سلسلے کے لیے ان کی دستیابی کا فیصلہ کیا جا سکے۔
اگر کری بدھ کے معائنے میں مکمل فٹ قرار پاتے ہیں تو وہ جاز کے بعد 3 دسمبر بروز جمعہ فینکس سنز کے خلاف ہوم میچ میں واپسی کے اہل ہو سکتے ہیں۔
اسٹیفن کری 11 نومبر کو ہیوسٹن راکٹس کے خلاف میچ کے پہلے کوارٹر میں او بلیک چوٹ کا شکار ہوئے تھے، جس مقابلے میں وارئیرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
چوٹ کے وقت گولڈن اسٹیٹ وارئیرز کا ریکارڈ 8 فتوحات اور 3 شکستوں کا تھا اور ٹیم مسلسل 8 میچ جیت چکی تھی۔
کری کی عدم موجودگی میں وارئیرز کو اگلے اوے دورے میں مسلسل تمام 5 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم بعد میں ٹیم نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر بوسٹن سیلٹکس اور سسکرامینٹو کنگز کو ہرا کر سیزن کی صورتحال کو سنبھالا۔
ٹیم کے طبی عملے نے ابتدائی طور پر اندازہ لگایا تھا کہ اس نوعیت کی چوٹ کے باعث اسٹیفن کری کو تقریباً ایک ماہ تک میدان سے دور رہنا پڑے گا۔
اس سیزن میں اب تک کھیلے گئے 10 میچوں کے دوران اسٹیفن کری فی میچ 26.3 منٹ میں اوسطاً 27.8 پوائنٹس اسکور کر چکے ہیں، جن میں ان کی فیلڈ گول شوٹنگ 50 فیصد اور تھری پوائنٹ شوٹنگ 45.7 فیصد رہی، جبکہ فری تھرو لائن سے انہوں نے 76 میں سے 75 شاٹس حاصل کیے ہیں۔





اپنی رائے دیں