وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے نوجوانوں میں کاروباری رجحان، جدت و اختراع اور ٹیکنالوجی کا فروغ ناگزیر ہے۔
انہوں نے یہ بات ہفتے کے روز اسلام آباد کے ایک ہوٹل میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (RCCI) کے زیر اہتمام گلوبل انٹرپرینیورشپ ویک کی اختتامی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوان ملازمتیں تلاش کرنے کے بجائے کاروبار کے مواقع پیدا کریں، اور سازگار کاروباری ماحول اور سرمایہ کاری کے فروغ سے پاکستان آئندہ 20 برسوں میں جی 20 ممالک کی صف میں شامل ہونے کا ہدف حاصل کر سکتا ہے۔
انہوں نے کاروبار اور صنعت میں نوجوانوں کی شمولیت کو ملکی ترقی کے لیے کلیدی قرار دیتے ہوئے نشاندہی کی کہ بڑی تعداد میں نوجوان سرکاری ملازمتوں کو ترجیح دیتے ہیں، جبکہ دنیا میں حقیقی ترقی کا راستہ انٹرپرینیورشپ سے ہموار ہوتا ہے۔
اپنے خاندان کے کئی نسلوں پر محیط کاروباری پس منظر کا حوالہ دیتے ہوئے، قیصر احمد شیخ نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کی حیثیت سے اپنی سابقہ خدمات کا تذکرہ کیا۔
انہوں نے اس موقع پر اپنے پوتے کی کاروبار میں خاندان کی چھٹی نسل کے نمائندے کے طور پر شمولیت کا ذکر کرتے ہوئے نوجوانوں کی کاروباری میدان میں عملی شرکت کی اہمیت اجاگر کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی تجارت میں اپنی جغرافیائی اور تزویراتی اہمیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور اپنی وسیع مگر غیر استعمال شدہ معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
جنوبی کوریا کی مثال دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس ملک نے ڈاکٹر محبوب الحق کے پانچ سالہ ترقیاتی منصوبوں کے تصور سے رہنمائی حاصل کر کے برآمدات پر مبنی کھربوں ڈالر کی معیشت تشکیل دی۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ واضح معاشی وژن اور منظم منصوبہ بندی قومی ترقی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
قیصر احمد شیخ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی غیر معمولی ترقی کو ملکی معیشت کی مضبوطی اور استعداد کا مظہر قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کو قرضوں تک آسان رسائی اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کاروبار میں خطرات اور چیلنجز فطری طور پر موجود ہوتے ہیں، اس لیے پالیسی سازوں کو کاروباری برادری کو درپیش زمینی حقائق اور مشکلات کو سمجھنا چاہیے۔
انہوں نے چیمبرز آف کامرس کی تحقیقی سرگرمیوں اور فاسٹ یونیورسٹی جیسے تعلیمی اداروں کے اعلیٰ معیار کو نئی نسل کی تیاری کے لیے اہم قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے گلوبل انٹرپرینیورشپ ویک 2026ء کے کامیاب انعقاد پر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو مبارکباد دی اور کاروباری ترقی میں چیمبر کے فعال کردار کو سراہا۔
انہوں نے آر سی سی آئی کے سرپرستِ اعلیٰ سہیل الطاف اور صدر نوشیروان خلیل خان کی کاوشوں کو سراہا جن کے ذریعے مختلف شعبوں کے اہم اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا گیا۔
قیصر احمد شیخ نے بتایا کہ 13 ہزار سے زائد کاروباری اداروں کی نمائندگی کرنے والا راولپنڈی چیمبر قومی معاشی ترقی کے فروغ میں مسلسل اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ جدت، تخلیقی صلاحیت، تحقیق اور ٹیکنالوجی کو پاکستان کے کاروباری کلچر کا لازمی حصہ بنایا جانا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے جامعات کو ایسے مراکز کے طور پر مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا جہاں تعلیمی تحقیق کو عملی کاروباری منصوبوں اور کامیاب اداروں میں تبدیل کیا جا سکے۔
انہوں نے جِن پاکستان (GEN-Pakistan) کے ساتھ آر سی سی آئی کے اشتراک اور جامعات و صنعت کے درمیان روابط کے فروغ کے اقدامات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی دوروں، باہمی تبادلہ خیال کی نشستوں اور آگاہی پروگراموں جیسے عملی تجربات نوجوانوں کو نئے خیالات متعارف کرانے میں مدد دیتے ہیں۔
تقریب میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سرپرستِ اعلیٰ سہیل الطاف، صدر نوشیروان خلیل خان، تقریب کے چیئرمین قاضی محمد احسن نے بھی شرکت کی۔
متقریب میں چیمبر کے دیگر عہدیداران و اراکین، تعلیمی اداروں کے نمائندگان اور نوجوان کاروباری افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔





اپنی رائے دیں