پاکستان میں پولیو وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد رواں سال کے دوران ملک میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 8 تک پہنچ گئی ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے اتوار کے روز جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ تازہ ترین کیس خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر سے رپورٹ ہوا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں برس سامنے آنے والے 8 کیسز میں سے 6 کا تعلق صوبہ خیبر پختونخوا سے ہے، جبکہ 2 کیسز صوبہ سندھ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ حکام کی جانب سے متاثرہ علاقے میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے مزید اعلان کیا ہے کہ پولیو کے مزید پھیلاؤ کو روکنے اور بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے ملک بھر کے 97 منتخب اضلاع میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز 2 نومبر سے کیا جا رہا ہے۔
یہ مہم ایک ہفتے تک جاری رہے گی اور 8 نومبر تک مکمل کی جائے گی۔ اس دوران محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی تاکہ وائرس کے نیٹ ورک کو توڑا جا سکے۔
پولیو کے خاتمے کے لیے حکومتی سطح پر جاری کوششوں کے تحت والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں اور اس مہم میں محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔



اپنی رائے دیں