بلوچستان کے پسماندہ لیکن حساس ضلع واشک میں سکیورٹی فورسز نے ایک انتہائی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران پانچ خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ کارروائی ریاست کی رٹ کو برقرار رکھنے اور علاقے میں امن و امان کی فضا کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی تھی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق یہ اہم ترین کارروائی بارہ اور تیرہ اکتوبر کی درمیانی شب عمل میں لائی گئی۔ اس دوران سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک ٹارگٹڈ آپریشن کیا جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے۔
حساس اداروں کو علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی جس پر فوری طور پر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ کارروائی کے دوران بہادر سکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو کامیابی سے گھیرے میں لے کر تباہ کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھتے تھے۔ یہ عناصر علاقے میں پُرامن ماحول کو خراب کرنے اور اہم تنصیبات پر تخریبی کارروائیوں کی گھناؤنی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ اس کامیاب کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود اور خطرناک دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ مواد علاقے میں کسی بڑی دہشت گرد کارروائی کے لیے استعمال کیا جانا تھا جسے بروقت ناکام بنا دیا گیا۔
مذکورہ آپریشن کی کامیابی کے بعد علاقے میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز کا عزم ہے کہ ملک سے اس ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا تاکہ عام شہریوں کا جان و مال ہر صورت محفوظ بنایا جا سکے۔
پاکستان میں دہشت گردی کے اسباب کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ اس کے پیچھے بیرونی سرپرستی اور معاونت کار فرما ہیں۔ ریاستی ادارے ملک دشمن عناصر کے ان مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے ہم وقت تیار اور مستعد ہیں۔
حکومت اور عسکری قیادت کے مشترکہ وژن کے تحت ملک بھر میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار اور عزم کے ساتھ جاری رکھی جا رہی ہیں۔ ریاست کے امن کو چیلنج کرنے والے عناصر کو کسی بھی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
عزمِ استحکام کے اس جامع قومی وژن کے تحت ملک کے کونے کونے سے دہشت گردی کے باقی ماندہ نیٹ ورکس کو توڑا جا رہا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پاک فوج مل کر وطن عزیز کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرأت اور بروقت کارروائیوں کی بدولت دشمن کے ناپاک عزائم کو بار بار ناکام بنایا گیا ہے۔ عوام سکیورٹی فورسز کے ساتھ اس کٹھن جنگ میں شانه بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
واشک کا یہ تازہ ترین آپریشن اس بات کا واضع غماز ہے کہ پاکستان کے دفاعی ادارے ملکی سرحدوں اور اندرونی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر بیدار ہیں۔ دہشت گردوں کے مکمل خاتمہ تک اس طرح کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کا عزم دہرایا گیا ہے۔



اپنی رائے دیں