تعلیم کے حصول کے لیے بیرون ملک جانے والے پاکستانی طلبہ کے لیے وہاں بینک اکاؤنٹ کھلوانا ایک اہم مرحلہ ہے، جس کے لیے مائیگرنٹ ریسورس سینٹر پاکستان نے تفصیلی رہنمائی فراہم کی ہے۔ طلبہ اپنی سہولت کے مطابق روایتی ہائی اسٹریٹ بینکوں یا جدید ڈیجیٹل بینکوں کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
مائیگرنٹ ریسورس سینٹر کے مطابق اکاؤنٹ کھولنے کے لیے طلبہ کو ایسے بینک کا انتخاب کرنا چاہیے جو خصوصی طور پر طلبہ کے لیے سہولیات فراہم کرتا ہو اور جس کی برانچیں قریب ہوں یا آن لائن بینکنگ کا نظام فعال ہو۔ بینک کے انتخاب کے وقت فیس اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھنا بھی ضروری ہے۔
اکاؤنٹ کھولنے کے لیے درکار دستاویزات میں پاسپورٹ، ویزا یا رہائشی اجازت نامہ، اسٹوڈنٹ آئی ڈی یا داخلے کا ثبوت اور اس ملک میں رہائش کا ثبوت جیسے کہ کرایہ نامہ شامل ہیں۔ بعض بینکوں کی جانب سے ابتدائی رقم جمع کروانے کی شرط بھی رکھی جا سکتی ہے۔
طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بینک جانے سے قبل آن لائن فارم پُر کرنے کی سہولت سے استفادہ کریں تاکہ وقت کی بچت ہو سکے۔ اگر برانچ جانا ناگزیر ہو تو پہلے سے اپائنٹمنٹ لینا بہتر ہے تاکہ غیر ضروری انتظار سے بچا جا سکے۔



اپنی رائے دیں