ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں واقع انقرہ یونیورسٹی کے شعبہ اردو کی سربراہی پروفیسر ڈاکٹر آئیکت کشمیر کے سپرد کر دی گئی ہے۔ وہ اس شعبے میں تدریسی و تحقیقی امور کی نگرانی کریں گے، جو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان علمی و تہذیبی روابط کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر آئیکت کشمیر نے انقرہ یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور 2016ء میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری مکمل کی۔ ان کی علمی وابستگی کا ایک اہم حصہ پاکستان کی جامعہ پنجاب کے اورینٹل کالج، لاہور میں 2012ء اور 2013ء کے دوران حاصل کی گئی تعلیم ہے۔
ڈاکٹر کشمیر کی تحقیقی دلچسپیوں میں اردو ادب کی ترقی پسند تحریک، قیامِ پاکستان کے بعد کے سماجی تغیرات اور علامہ محمد اقبال و ترک شاعر محمد عاکف ارسوئے کے فکری اشتراکات شامل ہیں۔ انہوں نے 2024ء میں جرمنی کی جامعہ ہائیڈل برگ سے پوسٹ ڈاکٹریٹ بھی مکمل کی ہے۔
انقرہ یونیورسٹی میں اردو کی تدریس کا آغاز 1957ء میں ہوا تھا، جسے 1961ء-1962ء میں ایک مستقل شعبے کا درجہ دیا گیا۔ اس شعبے میں پروفیسر ڈاکٹر آسمان بیلن اوز جان، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر داؤد شہباز، ڈاکٹر ایمل سیلم باشاریر اور ڈاکٹر ایلف اوجالمش جیسے ماہرین اردو زبان، ادب اور تقابلی مطالعات پر تحقیق اور تدریس میں مصروف ہیں۔




اپنی رائے دیں