کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس بخاری کمرشل میں شہریوں کے دو گروپوں کے درمیان لڑائی جھگڑے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتعل افراد ایک دوسرے پر مکے، گھونسے اور تھپڑ برسا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ان کے کپڑے بھی پھٹ گئے۔
واقعے کے دوران ایک شہری کا اسلحہ بھی زمین پر گر گیا جسے بعد میں اس نے اٹھا لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہیں یہ ویڈیو سوشل میڈیا کے ذریعے موصول ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق تاحال کسی بھی فریق کی جانب سے پولیس سے رابطہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی شکایت درج کرائی گئی ہے۔
پولیس کی جانب سے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ حکام اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا یہ دو گروپوں کے درمیان باہمی جھگڑا تھا یا پھر کچھ افراد نے کسی ایک شخص کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
تفتیشی ٹیمیں جائے وقوعہ کے قریب موجود سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر رہی ہیں تاکہ ملوث افراد کی شناخت کی جا سکے اور واقعے کے محرکات کا پتہ لگایا جا سکے۔




اپنی رائے دیں