ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے ایک اہم کارروائی کے دوران انسانی اسمگلنگ کے مقدمے میں 16 سال سے مفرور اور مطلوب اشتہاری ملزم کو منڈی بہاؤالدین سے گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ڈائریکٹر اسلام آباد زون شہزاد ندیم بخاری کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ندیم ظفر نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔
اس ٹیم کی قیادت انسپکٹر زاہد بھٹی نے کی جبکہ ٹیم کے دیگر ارکان میں اے ایس آئی رفیق اور ہیڈ کانسٹیبل وقاص گجر شامل تھے، جنہوں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم تک رسائی حاصل کی۔
گرفتار ہونے والے ملزم کی شناخت نور احمد کے نام سے ہوئی ہے جو ایف آئی آر نمبر 243/10 میں نامزد تھا اور طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔
حکام نے بتایا کہ ملزم پر ایران اور ترکی کے راستے غیر قانونی ڈنکی روٹس کے ذریعے شہریوں کو یونان بھجوانے اور اس غیر قانونی عمل میں سہولت کاری فراہم کرنے کا سنگین الزام ہے۔
ایف آئی اے حکام کا مزید کہنا ہے کہ اس مقدمے میں ملوث دیگر ملزمان کے کردار کا تعین تفتیش کے عمل کے دوران کیا جائے گا اور قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔



اپنی رائے دیں