سیالکوٹ کے ڈسکہ روڈ پر واقع ایک اسٹیڈیم میں معروف ٹک ٹاکر ’پتلو‘ کی مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے 14 افراد زخمی ہو گئے۔ تقریب میں انعامات کی قرعہ اندازی کے لیے بڑی تعداد میں لوگ اسٹیڈیم کے گیٹ پر جمع تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جیسے ہی اسٹیڈیم کا گیٹ کھولا گیا، وہاں موجود ہجوم میں بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ تقریب میں شرکت کے لیے دور دراز علاقوں سے ہزاروں افراد اسٹیڈیم پہنچے تھے۔
انتظامیہ کی جانب سے قرعہ اندازی میں 50 موٹر سائیکلیں، ایک گاڑی اور 50، 50 ہزار روپے کے نقد انعامات دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ 20 مستحق یتیم بچیوں کے جہیز کے لیے بھی رقم تقسیم کی جانی تھی۔
بھگدڑ کے واقعے کے بعد ٹک ٹاکر کی مہندی کی تقریب کو فوری طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ٹک ٹاکر کی جانب سے اپنی شادی کے موقع پر بھی کروڑوں روپے لٹانے کا اعلان کیا گیا تھا۔



اپنی رائے دیں