جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے فرزند اسعد محمود کے مالیاتی امور مبہم ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے جس کے بعد ان کے کوائف پر سنگین نوعیت کے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اسعد محمود کی جانب سے جمع کروائے گئے فارم بی اور انکم ٹیکس ویلتھ اسٹیٹ منٹ میں مالیاتی تضادات کا ان بار لگ گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق موصولہ کوائف میں اسعد محمود کے گوشواروں کے اندراجات اور ویلتھ اسٹیٹ منٹ میں درج تفصیلات ایک دوسرے سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ فارم بی میں ان کا پیشہ تدریس درج کیا گیا ہے جبکہ سال 2021ء سے لے کر سال 2023ء تک 30 سے 36 لاکھ روپے سالانہ تنخواہ ظاہر کی گئی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پیشے اور تنخواہ کی تفصیلات کے علاوہ ادارے کا نام، عہدہ، تقرری اور ملازمت کے معاہدے کے حوالے سے بھی ابہام پایا جاتا ہے۔ اس تمام صورتحال نے موصولہ مالیاتی دستاویزات کی شفافیت پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں۔
متعلقہ اداروں کی جانب سے اس حوالے سے مزید جانچ پڑتال جاری ہے تاکہ تمام مالیاتی امور کی حقیقت کو واضح کیا جا سکے اور سامنے آنے والے تضادات کی وجوہات کا تعین ہو سکے۔





اپنی رائے دیں