سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منگل کے روز متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کو فضا میں تباہ کرنے کا اعلان کیا۔ حکام کے مطابق یہ میزائل ریاض کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے تھے جنہیں فضائی دفاعی نظام کے ذریعے بروقت روک لیا گیا۔
سعودی فوجی اتحاد نے اپنے جاری کردہ بیان میں واضح کیا کہ فضائی دفاعی نظام نے دہشت گرد حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کی طرف داغا گیا بیلسٹک میزائل اور ایک کروز میزائل کامیابی سے فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے۔ اس کارروائی کے بعد سعودی شہری دفاع کے ادارے نے شہریوں کو الرٹ جاری کیا تھا، تاہم بعد ازاں یہ اعلان کیا گیا کہ خطرہ ٹل چکا ہے اور صورتحال قابو میں ہے۔
اس سے قبل فوجی اتحاد نے پیر اور منگل کی درمیانی شب یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں کے خلاف جوابی کارروائیوں کی اطلاع بھی دی تھی۔ اتحاد کے مطابق ان کارروائیوں میں حوثیوں کی بیلسٹک میزائل تیار کرنے والی فیکٹری، ٹھوس ایندھن بنانے والا کیمیائی کار خانہ اور میزائلوں کے الیکٹرانک نظام کی ورکشاپ کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کے جنوبی علاقوں کی جانب بھی ایک بیلسٹک میزائل داغے جانے کی اطلاعات تھیں، جسے فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے گزشتہ کئی ہفتوں سے سعودی عرب کی تنصیبات اور شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوششیں جاری ہیں، جن کا جواب فوجی اتحاد کی جانب سے دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کے روز بھی حوثیوں نے ریاض کے کاروباری علاقے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا، جس کے نتیجے میں آرامکو ٹاور کی عمارت کو معمولی نقصان پہنچا تھا۔ سعودی حکام نے اس حملے کے بعد عمارت کا معائنہ کیا اور تصدیق کی کہ میزائل کے ٹکڑے گرنے سے عمارت کی کچھ منزلوں کو نقصان پہنچا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے مارچ 2015 میں یمن میں فوجی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔ یہ اقدام حوثیوں کی جانب سے دارالحکومت صنعا پر قبضے اور یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے بعد کیا گیا تھا، جس کے بعد سے خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔




اپنی رائے دیں