ہسپانوی فٹبال کلب سی ڈی ٹینریف کے فارورڈ جیسس ڈی میگوئل میچ کے دوران گول کیپر سے خطرناک تصادم کے نتیجے میں شدید زخمی ہو کر 30 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
یہ افسوسناک واقعہ پیر کی شام ہسپانوی سیکنڈ ڈویژن کے ایک میچ کے دوران پیش آیا جس میں ٹینریف کا مقابلہ ایف سی اینڈورا کے ساتھ جاری تھا۔
میچ کے آخری لمحات میں جب دونوں ٹیمیں دو دو گول سے برابر تھیں، تو یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب اینڈورا کے گول کیپر جیسس اوونو بال کو کلیئر کرنے کے لیے اپنے گول سے باہر دوڑے۔
گول کیپر اور کھلاڑی کے درمیان شدید تصادم کے بعد میچ کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا جبکہ ریفری نے اینڈورا کے گول کیپر کو براہِ راست ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا۔
کلب کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جیسس ڈی میگوئل کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیرِ علاج رہے لیکن ان کی حالت سنبھل نہ سکی۔
ہسپانوی میڈیا کے مطابق ہسپتال منتقلی کے دوران کھلاڑی کو دل کا دورہ بھی پڑا تھا جس کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی حالت تشویشناک بتائی تھی۔
ہسپانوی فٹبال فیڈریشن نے کھلاڑی کے انتقال کے بعد گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے منگل کے روز ہونے والے تمام میچز کو تعظیم اور یکجہتی کے طور پر ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
اس المناک واقعے کے بعد دنیا بھر کے نامور فٹبالرز اور مختلف کلبز نے جیسس ڈی میگوئل کے لواحقین اور کلب کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
رئیل میڈرڈ اور آرسنل سمیت کئی بڑے کلبز کے کھلاڑیوں نے تربیتی سیشنز کے آغاز سے قبل مرحوم کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔
ہسپانوی حکام اور پولیس کے مطابق اس غیر فطری واقعے کے حوالے سے قانونی ضابطوں کے تحت ضروری انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
مرحوم فٹبالر نے اپنے کیریئر کا آغاز 2015ء میں لی گانے سے کیا تھا اور وہ مختلف ہسپانوی کلبز کی نمائندگی کرنے کے بعد گزشتہ برس ٹینریف کلب کا حصہ بنے تھے۔
ان کے پسماندگان میں ان کی کم سن بیٹی شامل ہے جو 2025ء میں پیدا ہوئی تھی جبکہ کلب اور ساتھی کھلاڑیوں نے اس اچانک صدمے پر گہرے غم کا اظہار کیا ہے۔



اپنی رائے دیں