بھارتی ریاست پنجاب کے شہر جالندھر میں پیش آنے والے ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں نامور گلوکار یو یو ہنی سنگھ کے بھانجے سمیت دو نوجوان زندگی کی بازی ہار گئے۔
یہ حادثہ اتوار کی علی الصبح تقریباً 3 بجے پولیس لائنز کے قریب ایک فلائی اوور پر پیش آیا جب دونوں نوجوان سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے بعد اپنے گھر واپس جا رہے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق میونسپل کارپوریشن کے صفائی کارکن فلائی اوور پر صفائی کے فرائض سر انجام دے رہے تھے اور کچرا اکٹھا کرنے والی ٹریکٹر ٹرالی سڑک پر کھڑی کی گئی تھی۔
متوفی نوجوانوں کی شناخت ودت اولاک اور آروو تلوار کے ناموں سے ہوئی ہے، جن میں ودت اولاک گلوکار ہنی سنگھ کے بھانجے اور پنجابی میوزک کمپنی کے مالک کے فرزند تھے۔
بارادری پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او ساحل چوہدری کے مطابق تیز رفتار کار بی ایم سی چوک سے بی ایس ایف چوک کی جانب سفر کر رہی تھی جو اچانک وہاں کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت گاڑی میں 5 افراد سوار تھے جن میں سے 3 دوست راستے میں ہی اپنے گھروں کو جا چکے تھے۔
واقعے کے بعد لواحقین کی جانب سے قانونی کارروائی سے انکار کیے جانے پر پولیس نے دونوں نوجوانوں کی میتیں ورثا کے حوالے کر دیں۔
معروف گلوکار ہنی سنگھ نے اس دلخراش واقعے کے بعد اپنے سرکاری انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک جذباتی اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے اس نقصان کو انتہائی تباہ کن قرار دیا۔



اپنی رائے دیں