پاکستان اور سعودی عرب کے مابین رواں سال حج کے انتظامات کو مزید موثر بنانے اور عازمینِ حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ یہ معاہدہ سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقدہ عالمی حج کانفرنس اور ایکسپو کے دوران طے پایا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان حج کے امور پر تعاون مزید مستحکم ہوگا۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سعودی عرب کی جانب سے وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا بھی موجود تھے، جنہوں نے انتظامات کو حتمی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس معاہدے کا بنیادی مقصد پاکستانی عازمین کے مقدس سفر کو مزید آسان، آرام دہ اور شفاف بنانا ہے۔ اس کے تحت سفری، رہائشی اور دیگر دیکھ بھال کے امور میں بہتری لائی جائے گی تاکہ حجاج کو درپیش عملی مشکلات کا بروقت تدارک ممکن ہو سکے اور ان کا سفر یادگار رہے۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے معاہدے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے پاکستانی عازمین کی سہولت اور وقت کی بچت کے لیے جاری اقدامات، خاص طور پر 'روڈ ٹو مکہ' پروجیکٹ کو مزید وسعت دی جائے گی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کے فروغ اور حج و عمرہ کے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور باہمی تعاون کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر دونوں ممالک کے وزراء نے ایک دوسرے کو یاد گا ری شیلڈز پیش کیں اور خصوصی تصاویر کا تبادلہ بھی کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ پیش رفت حج انتظامات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے سعودی ویژن کا حصہ ہے جس سے پاکستان سمیت دنیا بھر سے آنے والے عازمین مستفید ہوں گے۔
دوسری جانب سعودی وزارتِ سیاحت نے آئندہ حج سیزن کے لیے وسیع تر رہائشی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے حج کانفرنس اور نمائش سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین کے لیے 13 لاکھ سے زائد بستروں کا انتظام کیا گیا ہے، جس کے لیے تقریباً 4 ہزار رہائشی عمارتوں کو لائسنس جاری کر دیے گئے ہیں۔
سعودی وزیر سیاحت کے مطابق، ان مقدس شہروں میں تقریباً 4 لاکھ کمرے دستیاب ہوں گے جبکہ عارضی رہائشی سہولتوں کے ذریعے مزید 5 لاکھ 60 ہزار بستروں کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے صرف 10 فیصد ممالک میں رہائش کے لیے اتنی بڑی تعداد میں کمرے دستیاب ہیں جتنے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔
سعودی حکام کے مطابق رہائشی سہولتوں کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے ایک سخت نگرانی کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ اس عمل میں ساختی مضبوطی، ہنگامی اخراج کے راستوں اور مجموعی حفاظت کو اولین ترجیح دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں تقریباً 400 عمارتوں کو معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث رہائشی فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے۔
وزارتِ سیاحت کا کہنا ہے کہ رہائش کا معیار عازمین کے مجموعی اطمینان پر براہِ راست اثر انداز ہوتا ہے، جس کی موجودہ شرح 93 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ سعودی حکومت تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ عازمین کو معیاری رہائش اور بہترین سہولیات میسر ہوں۔
اس نگرانی کے عمل میں محکمہ شہری دفاع بھی متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات مکمل ہوں۔ وزیر سیاحت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام متعلقہ سرکاری اداروں کے درمیان رابطے اور تعاون کے ذریعے عازمینِ حج کو مناسب رہائش اور معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال سے وزارت سیاحت کو حج عازمین کی رہائش کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جس کے تحت رہائشی گنجائش کی دستیابی اور خدمات کے معیار کو یقینی بنانے پر توجہ دی جارہی ہے۔ یہ اقدامات حجاج کرام کو ایک پرسکون ماحول فراہم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی عبادات پر مکمل توجہ دے سکیں۔





اپنی رائے دیں