پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز کاروباری ہفتے کے آغاز پر زبردست تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں مارکیٹ کے اہم اشاریے نے نئی تاریخ رقم کر دی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 4,593 پوائنٹس کے اضافے کے بعد ایک لاکھ 78 ہزار 489.96 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر جا پہنچا۔
کاروباری سیشن کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی خریداری میں گہری دلچسپی ظاہر کی گئی، جس سے مارکیٹ کا مجموعی حجم مثبت رہا۔ اس تیزی کے دوران مجموعی طور پر 567 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا، جن میں سے 360 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مارکیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 97 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ہوئی، جبکہ 84 کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ کاروباری سرگرمیوں کے دوران مجموعی طور پر 46 کروڑ 56 لاکھ حصص کے سو دے ہوئے، جن کی مالیت 26 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
فیوچر ٹریڈنگ کے شعبے میں بھی سرگرمی دیکھی گئی، جہاں 5 ارب 36 کروڑ روپے مالیت کے سو دے طے پائے۔ مارکیٹ کے ابتدائی سیشن میں سینرجیکو پی کے لمیٹڈ کے 3 کروڑ 62 لاکھ 40 ہزار حصص کا کاروبار ہوا، جو کہ سر فہرست رہا۔
اسی طرح تصدیق انفارمیشن سروسز لمیٹڈ کے 3 کروڑ 17 لاکھ 80 ہزار حصص اور ایل ایس ای فائنانشل سروسز لمیٹڈ کے 2 کروڑ 8 لاکھ حصص کا لین دین ہوا۔ سکیورٹی انویسٹمنٹ بینک لمیٹڈ، ایم ٹیکس لمیٹڈ اور پرویز احمد کنسلٹنسی سروسز لمیٹڈ ان کمپنیوں میں شامل رہیں جن کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔





اپنی رائے دیں