لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے ایک کارروائی کے دوران نیدرلینڈز کے جعلی ویزوں پر سفر کرنے کی کوشش کرنے والے دو مسافروں کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان قیصر منیر ولد منیر احمد اور علی حسن ولد منظور احمد قطر ایئرویز کی پرواز QR-629 کے ذریعے بیرون ملک روانہ ہونے کی تیاری کر رہے تھے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق امیگریشن جانچ پڑتال کے دوران دونوں مسافروں کے پاسپورٹس پر لگے نیدرلینڈز کے وزٹ ویزے جعلی پائے گئے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے گجرات کے رہائشی ایجنٹ چوہدری عدنان اکمل ورک سے فی کس 40 لاکھ روپے میں ویزے حاصل کیے تھے۔
ملزمان نے ایجنٹ کے بینک اکاؤنٹ میں فی کس 20 لاکھ روپے ایڈوانس جمع کرائے تھے، جس کے ثبوت ایک مسافر کے موبائل فون سے بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ایف آئی اے امیگریشن نے دونوں افراد کو آف لوڈ کرنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کے حوالے کر دیا ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ایسے اقدامات سے نہ صرف ملکی ساکھ متاثر ہوتی ہے بلکہ دیگر مسافروں کے لیے بھی مسائل پیدا ہوتے ہیں۔





اپنی رائے دیں