برطانیہ کے شہر کوونٹری میں معروف سماجی و مذہبی شخصیت حاجی مبارک کیانی کی جانب سے اپنے والدین کے ایصالِ ثواب کے لیے نویں سالانہ محفلِ ختمِ قرآن و دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس روح پرور اجتماع میں مقامی کمیونٹی کے ارکان، علمائے کرام، کونسلرز اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران مسجد نورالسلام کے امام علامہ محمد سجاد ساجد نے والدین کے مقام و مرتبے اور ان کی خدمت کی اہمیت پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ والدین کے ساتھ حسنِ سلوک اسلام کا بنیادی درس ہے اور ان کی خدمت کرنا اولاد کی اخلاقی و دینی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر ممتاز عالمِ دین حضرت نبیل افضل قادری نے نوجوان نسل کی تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو اسلامی تعلیمات اور انسانیت کی خدمت کے جذبے سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ایسی تقریبات کو معاشرتی اقدار کے فروغ کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
تقریب کے میزبان حاجی مبارک کیانی نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والدین کی دی ہوئی تربیت اور خدمتِ خلق کے مشن کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس روایت کو اپنے والدین سے محبت اور عقیدت کا اظہار قرار دیا۔
تقریب کا اختتام حافظ محمد زکریا کی جانب سے کی گئی اجتماعی دعا پر ہوا، جس میں ملک و ملت کی سلامتی، مسلم امہ کے اتحاد اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کے مسلمانوں کی بہتری کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔



اپنی رائے دیں