پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے مسقط میں جاری اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ میں اپنے ٹائٹل کے دفاع کا شاندار آغاز کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔
یہ میچ جمعہ 6 نومبر 2026 کو اومان کے ال امیرات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا، جہاں پاکستانی ٹیم نے کھیل کے ہر شعبے میں حریف پر برتری برقرار رکھی۔
میچ کے آغاز پر پاکستان کے کپتان فرحان یوسف نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی پوری ٹیم کو 50 اوورز میں 224 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے نور اللہ ایوبی 70 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ یایین کرن رائے نے 47 رنز کی اننگ کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے محمد صیام سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے اپنے 10 اوورز میں 37 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دیگر بولرز میں علی رضا، رضوان اللہ اور حسنین عباس ڈار نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ نقاب شفیق کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
پاکستان نے 225 رنز کا ہدف 37.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا، جس میں اوپنر عثمان خان کی ناقابلِ شکست اننگز کلیدی ثابت ہوئی۔
عثمان خان نے 120 گیندوں پر 139 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، جس میں 21 چوکے اور ایک چھ کا شامل تھا۔
عثمان خان نے جہانگیر بلال کے ساتھ مل کر 153 رنز کی افتتاحی شراکت قائم کی، جہانگیر بلال 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اپنی شاندار کارکردگی پر عثمان خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس جیت کے ساتھ پاکستان نے گروپ اے میں اہم برتری حاصل کر لی ہے، اس گروپ میں بھارت اور نیپال کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق گروپ کی بہترین دو ٹیمیں 12 نومبر کو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
پاکستان اپنا اگلا گروپ میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف اتوار 8 نومبر کو کھیلے گا، جبکہ نیپال کے خلاف میچ 10 نومبر کو شیڈول ہے۔
اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کا فائنل 14 نومبر کو کھیلا جائے گا۔



اپنی رائے دیں