مشہور فیشن ہاؤس بیلنسیاگا نے برطانوی ڈیزائنر مارٹن روز کو اپنا نیا کریٹو ڈائریکٹر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ تقرری پیر پاؤلو پی کیو لی کے 16 ماہ بعد عہدہ چھوڑنے کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔
کی رنگ گروپ، جو بیلنسیاگا کی پیرنٹ کمپنی ہے، اپنے برانڈز کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور گزشتہ تین برسوں سے جاری سست روی کے خاتمے کے لیے مسلسل تبدیلیاں کر رہا ہے۔ مارٹن روز کی تقرری اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
مارٹن روز نے اپنی تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیلنسیاگا جیسے شاندار ورثے اور نڈر تخلیقی روح کے حامل ادارے کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
کی رنگ گروپ کے سی ای او لوکا ڈی میو کا کہنا ہے کہ مارٹن روز کی نئی نسل سے وابستگی اور ثقافت کی گہری سمجھ بوجھ فیشن ہاؤس کو ایک نئی جہت فراہم کرے گی۔
45 سالہ مارٹن روز نے 2007 میں لندن میں اپنے نام سے لی بل کی بنیاد رکھی تھی۔ وہ ماضی میں بھی بیلنسیاگا کے ساتھ تین سال تک کام کر چکی ہیں، جہاں انہوں نے موجودہ گوچی کے کریٹو ڈائریکٹر ڈیمنا کی زیرِ نگرانی خدمات انجام دی تھیں۔
مارٹن روز کے ڈیزائنز میں 1990 کی دہائی کے کلچر اور اسٹریٹ اسٹائل کی جھلک نمایاں ہوتی ہے۔ ان کا کام ہائی اور لو فیشن کا امتزاج سمجھا جاتا ہے، جس سے کمپنی کو نوجوان خریداروں کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں مدد ملے گی۔
سابق کریٹو ڈائریکٹر پیر پاؤلو پی کیو لی نے اپنے مختصر دور میں تین ریڈی ٹو ویئر کلیکشنز اور ایک ہاؤٹ کوچر لائن پیش کی تھی۔ انہوں نے اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زندگی ایک سفر ہے اور ہر باب نئے مواقع کے لیے راستہ بناتا ہے۔
کی رنگ گروپ کی جانب سے یہ حالیہ ایک ماہ کے دوران تیسری بڑی انتظامی تبدیلی ہے۔ اس سے قبل گروپ کے دیگر برانڈز میں بھی قیادت کی سطح پر تبدیلیاں کی گئی ہیں تاکہ عالمی مارکیٹ میں برانڈ کی پوزیشن کو مستحکم کیا جا سکے۔

اپنی رائے دیں