کراچی میں مختلف علاقوں میں پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلوں کے دوران چھ زخمیوں سمیت نو ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا جن سے اسلحہ اور منشیات برآمد کی گئی ہیں۔ یہ کارروائیاں اتوار اور پیر کی درمیانی شب شہر کے مختلف حصوں میں عمل میں لائی گئیں۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پولیس اور وفاقی حساس ادارے نے لیاقت آباد کی حدود سندھ ہوٹل ندی کے کنارے کارروائی کی۔ اس مبینہ مقابلے کے بعد ایک بھتہ خور کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے۔
زخمی حالت میں پکڑے جانے والے ملزم کی شناخت شیر از مغل کے نام سے ہوئی جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزم لیاری گینگ وار کے گینگ کمانڈر صمد کاٹھیاواڑی بھتہ خور گروپ کا کا رن دہ ہے اور اس سے ایک پستول، موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی۔
گلشن معمار پولیس نے جنجال گوٹھ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد تین ملزمان کو حراست میں لیا جن میں سے دو زخمی تھے۔ زخمی ملزمان کی شناخت محمد او رنگ زیب اور شاہ زمان کے ناموں سے ہوئی جبکہ تیسرے کا نام محمد خبیب بتایا گیا۔
ان ملزمان کے قبضے سے تین پستول، موبائل فونز، نقدی، موٹر سائیکل اور چھینا گیا سامان ملا۔ پاک کالونی پولیس نے میوہ شاہ روڈ کے ایم سی کٹ کے قریب کارروائی کی جہاں مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان پکڑے گئے۔
زخمی ملزم کی شناخت زاہد جبکہ دوسرے کی محمد طاہر کے طور پر ہوئی۔ پولیس کے مطابق ان کے پاس سے دو پستول اور چار سو پیکٹ کرسٹل منشیات برآمد ہوئی اور زخمی کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر چھ ای میں بھی پولیس کا مبینہ مقابلہ ہوا جس میں دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت طارق اور دوسرے کی محمد عثمان کے نام سے کی گئی جن سے پستول، موبائل فونز اور نقدی ملی۔
پاکستان بازار پولیس نے اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر سولہ ایشیا گراؤنڈ کے قریب ایک اور کارروائی کی۔ یہاں مبینہ مقابلے کے بعد بائیس سالہ نہال احمد کو زخمی حالت میں حراست میں لے کر عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔

اپنی رائے دیں