بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ کے بیس بال چیلنج میں کامیابی حاصل کر لی۔ اس مقابلے میں شریک کھلاڑیوں کو حریف سے زیادہ ہوم رنز بنانے کا ہدف دیا گیا تھا، جس میں بھارتی کرکٹر نے کامیابی حاصل کی۔
اس جیت کے بعد ہاردک پانڈیا نے ایک لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 94.9 لاکھ بھارتی روپے) کی انعامی رقم حاصل کی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، کرکٹر نے یہ تمام رقم ضرورت مند کتوں اور پسماندہ بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والے اداروں کو عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مسٹر بیسٹ کی جانب سے منعقدہ اس ایونٹ میں کھیلوں کی دیگر معروف شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔ ہاردک پانڈیا کی بیس بال کھیلنے کی مہارت دیکھ کر یوٹیوبر سمیت وہاں موجود شائقین بھی حیران رہ گئے۔
واضح رہے کہ ہاردک پانڈیا اس وقت بھارتی ٹیم سے باہر ہیں۔ انہوں نے آخری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کی نمائندگی کی تھی، جس کے بعد وہ صرف انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلتے دکھائی دیے ہیں۔




اپنی رائے دیں