لکی مروت کے علاقے وانڈہ شہاب خیل میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں دو سالہ معصوم بچے کو قتل کرنے کے بعد اس کی بوری بند لاش برآمد کر لی گئی ہے۔ مقتول بچے کی شناخت سہیل خان کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق بچہ منگل کے روز اپنے گھر کے باہر گلی میں کھیلنے کے لیے نکلا تھا، تاہم کافی دیر گزرنے کے باوجود وہ واپس نہیں لوٹا۔ اہلخانہ نے اسے ہر ممکن جگہ تلاش کیا لیکن کوئی سراغ نہ مل سکا۔
بعد ازاں بچے کی بوری بند لاش ملی جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ لاش کو فوری طور پر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ قانونی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔
تھانہ ڈڈیوالا میں اس واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس نے مختلف زاویوں سے قانونی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق متاثرہ خاندان کی علاقے میں کسی کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی یا عناد نہیں تھا۔
ڈی پی او سجاد احمد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش کو شفاف اور تیز بنایا جائے گا تاکہ ملوث افراد کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔





اپنی رائے دیں