وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے غذائی سال 2026-27 کے لیے گندم کی درآمد کی حد 10 لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھا کر 25 لاکھ میٹرک ٹن کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد گندم کی وافر دستیابی یقینی بنانے، قیمتوں میں استحکام اور آئندہ فصل کی کٹائی تک صوبائی ضروریات پوری کرنا ہے۔
یہ فیصلہ وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت جمعہ کو کمیٹی کے ورچوئل اجلاس میں ہوا۔ اجلاس کے دوران وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے پیش کردہ سمری پر تفصیلی غور کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا، حتمی توثیق کے لیے معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومتوں نے ابتدا میں گندم کی درآمد کی ضرورت 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن بتائی تھی، جسے بعد ازاں خود صوبوں نے کم کرکے 5 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن کر دیا تھا۔ تاہم گندم اور آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے اور سرکاری ذخائر سے گندم کے اجرا میں اضافے کی ضرورت کے پیش نظر صوبوں نے اپنی ضروریات کا دوبارہ جائزہ لیا، جس کے بعد مجموعی درآمدی طلب تقریباً 17 لاکھ میٹرک ٹن تک پہنچ گئی ہے۔
اس میں پنجاب کے لیے 9 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن، سندھ کے لیے 4 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن، خیبر پختونخوا کے لیے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم شامل ہے جبکہ سندھ کی ضرورت کی حتمی تصدیق ہونا باقی ہے۔ بلوچستان کی ضروریات پاس کو کے دستیاب ذخائر سے پوری کی جائیں گی۔
کمیٹی نے قرار دیا کہ درآمدی حد 25 لاکھ میٹرک ٹن تک بڑھانے سے صوبوں کی اضافی ضروریات یا دستیاب ذخائر میں کمی پوری کرنے کے لیے مناسب گنجائش میسر آئے گی اور بار بار منظوری لینے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ درآمد کی اصل مقدار کا تعین صوبوں کی مصدقہ ضروریات اور مارکیٹ کی موجودہ صورتحال کے مطابق کیا جائے گا۔
ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ درآمدی گندم کی خریداری، مال برداری، بیمہ، نقل و حمل، بندرگاہ کے اخراجات، ٹیکس، ڈیوٹیز اور دیگر متعلقہ اخراجات سمیت تمام لاگت متعلقہ صوبائی حکومتیں موجودہ مالیاتی انتظامات کے تحت برداشت کریں گی۔ صوبے اپنی ضروریات کی تحریری طور پر تصدیق کریں گے اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق پیشگی ادائیگی یا مناسب بینکاری انتظامات یقینی بنائیں گے۔
درآمدی گندم کی بروقت آمد اور ترسیل کے لیے کمیٹی نے متعلقہ بندرگاہوں پر گندم بردار جہازوں کو ترجیحی بنیادوں پر لنگرانداز کرنے کی منظوری بھی دی۔ اس سلسلے میں وزارت بحری امور اور متعلقہ بندرگاہوں کے حکام کے ساتھ رابطہ رکھا جائے گا تاکہ تاخیر اور اضافی اخراجات سے بچا جا سکے۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ نائب وزیراعظم کی سربراہی میں قائم سٹیئرنگ کمیٹی گندم کی درآمد کے پروگرام کی مجموعی نگرانی جاری رکھے گی جبکہ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق پروگرام کی روزمرہ نگرانی، عمل درآمد اور انتظامی امور کی ذمہ دار ہوگی۔ کسی بھی عملی یا انتظامی مسئلے کو فوری حل کے لیے وزیراعظم آفس کے نوٹس میں لایا جائے گا۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گندم کی ضروریات کا بروقت تعین، دستیاب ذخائر کا موثر انتظام اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کو بیک وقت یقینی بنانے کے لیے سرکاری ذخائر سے مناسب اجرا اور مارکیٹ کی بدلتی صورتحال پر فوری ردعمل ضروری ہے۔
وزیر خزانہ نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ قیاسی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی، مارکیٹ میں ناجائز مداخلت کی روک تھام اور گندم کی وافر دستیابی کے فوائد صارفین تک پہنچانے کے لیے اجتماعی اور مربوط اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کمیٹی کے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد اور مسلسل نگرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سندھ کے وزیر خوراک محبوب زمان، پنجاب کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری، بلوچستان کے چیف سیکرٹری، خیبر پختونخوا کے سیکرٹری خوراک، گلگت بلتستان کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات اور سیکرٹریز خوراک و خزانہ سمیت متعلقہ وفاقی وزارتوں اور اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔




اپنی رائے دیں