پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز اور افتتاحی تقریب صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے ارب اب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔ اس بات کا اعلان مشیرِ گورنر خیبر پختونخوا برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آباد کاری ثمر ہارون بلور نے جمعہ کے روز ایک پریس بریفنگ کے دوران کیا۔
ثمر ہارون بلور نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں اعلیٰ سطحی کرکٹ کی واپسی پورے صوبے کے لیے اعزاز اور خوشی کا باعث ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ایونٹ کے انعقاد سے پشاور کی شاندار تاریخ، ثقافت اور مہمان نوازی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا بہترین موقع ملے گا۔
مشیرِ گورنر نے اپنی بریفنگ میں صوبے کی دیگر انتظامی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے بھر میں غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا گیا ہے، جس کے دوران 532 مشینری یونٹس کو ناکارہ بنایا گیا، 65 مشینیں تحویل میں لی گئیں اور 192 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔
صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال صوابی کو جدید طبی سہولیات کا مرکز بنایا جا رہا ہے، جہاں پانچ نئے آپریشن تھیٹرز اور ڈائیلاسز یونٹ کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔ اس کے علاوہ، ہسپتال میں مریضوں کے علاج کے لیے اس پیش لسٹ ڈاکٹرز اور نرسز کی بھرتیاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید بنانے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے ای ٹوکن اور ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ پشاور میں ٹریفک اور ماحولیاتی بہتری کے لیے ایک لاکھ سے زائد غیر رجسٹرڈ رکشوں کو مرحلہ وار الیکٹرک رکشوں میں تبدیل کرنے کی 18 ماہ پر محیط پالیسی پر کام کیا جا رہا ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ریلیف ڈیپارٹمنٹ کو 'ونٹر کن ٹی جنسی پلان' کے تحت پیشگی تیاریوں پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ مالم جبہ سمیت شمالی علاقوں میں سیاحوں کی حفاظت کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے امدادی سامان کے پیکجز تیار کر رہی ہے۔
اقلیتی برادری کے طلبہ کے لیے تعلیمی وظائف کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ سے پی ایچ ڈی تک کے طلبہ کے لیے 3 کروڑ 87 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان وظائف کا مقصد صوبے میں تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔
سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی جانب سے پشاور موٹروے بند کرنے کی کوشش ناکام رہی ہے اور ٹریفک کی آمدورفت مکمل طور پر بحال ہے۔ انہوں نے سیاسی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اپنے معاملات قانونی اداروں کے ذریعے حل کریں۔
اس موقع پر انہوں نے پریس کلبوں میں گروپ بندی کے خاتمے اور ورکنگ جرنلسٹس کو میرٹ پر ممبرشپ دینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے پیغامِ امن کمیٹی کے اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی و سماجی ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔





اپنی رائے دیں