پاکستان نے 23 ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں جنوبی کوریا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ یہ ایونٹ اسلام آباد کے مصحف اسکواش کمپلیکس میں منعقد ہوا جہاں قومی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کی۔
فائنل میچ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کے خلاف دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کی۔ پاکستانی اسکواش کھلاڑیوں نے اپنے حریفوں کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کیا اور کسی بھی موقع پر کورین کھلاڑیوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔
مینز مقابلوں کے پہلے میچ میں نور زمان نے کورین کھلاڑی جیونگمن ریو کو تین صفر سے شکست دی۔ نور زمان نے 11-5، 11-7 اور 13-11 کے اسکور سے کامیابی حاصل کی۔
دوسرے میچ میں محمد عاصم خان نے کورین کھلاڑی سیوجن اوہ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد تین صفر سے مات دی۔ محمد عاصم خان نے 11-6، 11-5 اور 11-4 کے اسکور سے فتح اپنے نام کی اور پاکستان کو چیمپئن بنوا دیا۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی مینز مقابلوں میں پاکستان نے گولڈ میڈل حاصل کر لیا، جبکہ کوریا کی ٹیم سلور میڈل کی حقدار ٹھہری۔ ملائیشیا اور ہانگ کانگ چائنہ کی ٹیموں نے کانسی کے تمغے (براؤنز میڈلز) اپنے نام کیے۔
ایونٹ میں دیگر ٹیموں کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو ایران کی ٹیم پانچویں جبکہ ازبکستان کی ٹیم چھٹی پوزیشن پر رہی۔
خواتین کے فائنل میں ہانگ کانگ چائنہ کی ٹیم نے دفاعی چیمپئن ملائیشیا کو دو ایک سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا۔ اس مقابلے میں ہانگ کانگ کی کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کی۔
خواتین کی کیٹیگری میں چوتھی اور پانچویں پوزیشن کے میچ میں کوریا کی ٹیم نے پاکستان کو تین صفر سے ہرا کر چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ اس طرح پاکستان کی ویمن ٹیم پانچویں نمبر پر رہی۔
کوریا کی ویمن ٹیم کے ہاتھوں شکست کے دوران پاکستانی کھلاڑی سحرش علی کو ڈیمی کم، ثنا بہادر کو منگیون ہیو اور ماہ نور علی کو ہوائیونگ ایوم نے شکست دی۔
ایونٹ کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی ایشین اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر عادل جاسم الغریب نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینیئر نائب صدر ایئر وائس مارشل سہیل اکبر، نائب صدر قمر زمان، گوگی علاؤالدین اور جان شیر خان بھی موجود تھے۔
مصحف اسکواش کمپلیکس میں منعقدہ یہ چیمپئن شپ ایشین اسکواش کے کیلنڈر کا ایک اہم ایونٹ تھا جس میں خطے کی بہترین ٹیموں نے شرکت کی۔





اپنی رائے دیں