انڈر 19 ایشیا کپ 2026 کے سلسلے میں پاکستان اور بھارت کی نوجوان ٹیمیں کل بروز اتوار عمان کے العمیرات کرکٹ گراؤنڈ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ ٹورنامنٹ کا آٹھواں میچ ہوگا جس میں دونوں ٹیمیں اپنی فتوحات کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے میدان میں اتریں گی۔
ٹورنامنٹ کے اپنے افتتاحی میچوں میں دونوں ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے خلاف نو وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ بھارت نے نیپال کو دس وکٹوں کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔
پاکستان کی جانب سے افتتاحی میچ میں عثمان خان نے ناقابل شکست 139 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ دوسری جانب بھارتی ٹیم کے کپتان لکشیا رائے چندانی اور آر یہ ویر سہواگ نے نیپال کے خلاف ناقابل شکست نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔
میچ کا ٹاس مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے ہوگا جبکہ کھیل کا باقاعدہ آغاز ساڑھے دس بجے کیا جائے گا۔ العمیرات کی پچ کے بارے میں اطلاعات کے مطابق یہاں اسپنرز کو مدد ملنے کا امکان ہے، جہاں حالیہ میچوں میں وکٹوں کا بڑا حصہ اسپن بولرز کے نام رہا ہے۔
موسمیاتی رپورٹ کے مطابق میچ کے دوران موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے اور درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہے گا۔ بارش کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ اوس پڑنے کے اثرات بھی کم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
انڈر 19 سطح پر حالیہ مقابلوں کے اعداد و شمار پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان کا پلڑا کچھ بھاری رہا ہے، جس نے گزشتہ پانچ میں سے تین میچوں میں بھارت کو شکست دی ہے۔ تاہم، فروری 2026 میں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 58 رنز سے ہرایا تھا۔
مجموعی طور پر یوتھ ون ڈے انٹرنیشنل مقابلوں میں بھارت کو پاکستان پر برتری حاصل ہے، جہاں بھارت نے 32 میں سے 21 میچ جیتے ہیں جبکہ پاکستان نے 11 فتوحات اپنے نام کی ہیں۔ ایشیا کپ کے مقابلوں میں بھی بھارت کا ریکارڈ بہتر ہے، جس نے 13 میں سے 9 میچ جیتے ہیں۔
پاکستان میں شائقین کرکٹ اس ہائی پروفائل مقابلے کو پی ٹی وی اسپورٹس اور جیو سپر پر براہ راست دیکھ سکیں گے۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل اسٹریمنگ کے لیے مائیکو، تماشا، اے آر وائی زیپ اور ٹیپ میڈ پر بھی میچ دستیاب ہوگا۔





اپنی رائے دیں