پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عامر جمال نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈومیسٹک کرکٹ کی اہمیت، اپنی فٹنس، دباؤ میں کارکردگی دکھانے کی صلاحیت اور حالیہ کرکٹ پرفارمنس کے حوالے سے اظہار خیال کیا ہے۔
عامر جمال نے پی سی بی کے پروگرام سٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کرکٹ سفر اور کھیل کے مختلف پہلوؤں پر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی اپنا اچھا ردھم برقرار رکھ سکتا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ دراصل کھلاڑیوں کی نرسری ہے، جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھارتے اور انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے تیاری کرتے ہیں۔
عامر جمال نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑی اپنا ہوم ورک کرتا ہے اور وہاں حاصل ہونے والے تجربے کی بنیاد پر قومی ٹیم میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتا ہے۔ ان کے مطابق ڈومیسٹک سطح پر مسلسل کھیلنے سے کھلاڑی کی فارم اور ردھم برقرار رہتا ہے، جس کا فائدہ اسے انٹرنیشنل کرکٹ میں کارکردگی دکھاتے ہوئے ملتا ہے۔
دباؤ میں کھیلنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عامر جمال کا کہنا تھا کہ جب بھی میچ کے دوران دباؤ کی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو وہ اپنی مہارت اور صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہیں۔ ان کے نزدیک مشکل حالات میں خود اعتمادی برقرار رکھنا اور اپنی سکلز پر بھروسا کرنا کامیابی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
فٹنس کے حوالے سے آل راؤنڈر نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کے آغاز ہی سے جسمانی فٹنس پر خصوصی توجہ دی ہے۔ وہ ہر حال میں اپنا معمول کا فٹنس ورک مکمل کرتے ہیں اور فٹنس روٹین پر سمجھوتہ نہیں کرتے، کیونکہ ایک پروفیشنل کرکٹر کے لیے فٹنس اچھی کارکردگی کا بنیادی جزو ہے۔
عامر جمال نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اپنے کم بیک اور کارکردگی کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار بالنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بیٹنگ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 90 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انہوں نے صرف 22 گیندوں پر ناقابل شکست 34 رنز بنائے اور ٹیم کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دوسری اننگز میں ثاقب کی انجری کے بعد ان کی کوشش تھی کہ وہ ٹیم کے لیے اس کی کمی پوری کر سکیں اور اپنی ذمہ داری احسن انداز میں نبھائیں۔
عامر جمال ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے فائنل میں 8 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ایک نصف سنچری بھی سکور کی، جس پر انہیں پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔





اپنی رائے دیں