فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج تربیلا میں اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل کی ہیڈکوارٹرز آمد پر جی او سی ایس ایس جی نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے آغاز میں انہوں نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ایس ایس جی کی خصوصی تربیت، آپریشنل تیاریوں اور مشن کی انجام دہی کے لیے موجود استعداد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر ایس ایس جی کے جوانوں نے اسپیشل آپریشنز میں اپنی جنگی مہارت، چستی اور ہدف کو نشانہ بنانے میں درستگی کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔
فیلڈ مارشل نے ایس ایس جی کے زیر استعمال جدید ترین خصوصی آلات کی نمائش کا بھی مشاہدہ کیا اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض سے غیر متزلزل وابستگی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی خطرات اور نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل تربیت اور آپریشنل تیاری ناگزیر ہے۔
فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ مقامی صلاحیتوں کی ترقی اور آپریشنل تیاریوں پر غیر سمجھوتہ کن توجہ مرکوز رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے ایس ایس جی کو ہدایت کی کہ وہ ابھرتے ہوئے چیلنجز پر اپنی برتری برقرار رکھنے کے لیے تربیت کا عمل جاری رکھیں۔
اسپیشل سروسز گروپ پاک فوج کی وہ ایلیٹ فورس ہے جو انتہائی مشکل حالات میں آپریشنز کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
فیلڈ مارشل کا یہ دورہ ایس ایس جی کی آپریشنل تیاریوں کو جانچنے اور جوانوں کے حوصلے بڑھانے کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، فیلڈ مارشل نے ایس ایس جی کی جنگی مہارت اور آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دورے کے اختتام پر فیلڈ مارشل نے ایس ایس جی کے جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی مزید بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں۔



اپنی رائے دیں