مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر موقع پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔
بارہ مولہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلسل یہ کہتا آرہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ابھی تک حل طلب ہے۔
انہوں نے بھارتی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا عوام کو دہلی حکومت سے انصاف کی کوئی امید ہے؟
فاروق عبداللہ نے کہا کہ بھارت کے ارادے ٹھیک نہیں ہیں اور وہ جو کہتے ہیں اس کے بالکل برعکس کرتے ہیں۔
نیشنل کانفرنس کے سربراہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی وجہ سے کشمیریوں کی حفاظت ہو رہی ہے ورنہ بھارتی حکام کے ارادے درست نہیں ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ کشمیریوں کو اپنے حقوق کے لیے متحد ہونا پڑے گا اور بھارتی پالیسیوں کا مقابلہ کرنے کی ہمت پیدا کرنا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ سچ کا ساتھ دینا آسان نہیں ہوتا لیکن جب تک سچ پر قائم نہیں رہیں گے مستقبل محفوظ نہیں رہ سکتا۔
دوسری جانب فاروق عبداللہ کے اس بیان پر بھارتی جنتا پارٹی نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی کے صدر ست شرما نے فاروق عبداللہ کے بیان کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے ان سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔
بی جے پی رہنما ست شرما کا کہنا ہے کہ فاروق عبداللہ کو بھارتی عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر فاروق عبداللہ کو پاکستان سے اتنی ہی محبت ہے تو وہ پاکستان جا کر آباد ہو جائیں۔


اپنی رائے دیں