پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران سفارتی مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچنے پر چیئرمین سیال ملک عبدالغفور، وائس چیئرمین سید شاہد رضا اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے معزز اراکین نے ہائی کمشنر کا استقبال کیا۔
بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کے ہمراہ ڈپٹی ہائی کمشنر فضل لوہانی بابو، کونسلر محمود الحسن اور دیگر سفارتی عملہ بھی موجود تھا۔
چیئرمین سیال ملک عبدالغفور نے بنگلہ دیشی ہائی کمشنر اور سفارتی وفد کو سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران ائیرپورٹ کے امور اور کارکردگی پر روشنی ڈالی گئی۔
چیئرمین سیال ملک عبدالغفور کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے مابین دو طرفہ سفارتی اور تجارتی تعلقات مربوط انداز میں قائم ہیں اور یہ دورہ دونوں ممالک کے بہترین باہمی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش اور پاکستان مسلم برادر ممالک ہیں اور دونوں ممالک کی عوام کا آپس میں دیرینہ تعلق قائم ہے۔
چیئرمین سیال نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ سیالکوٹ اور بنگلہ دیش کے مابین براہ راست فضائی آپریشن کا آغاز جلد ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مستقبل میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سفارتی، تجارتی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں سیالکوٹ ائرپورٹ اہم کردار ادا کرے گا۔
بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان نے کہا کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ سیالکوٹ کی کاروباری برادری کی کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ مستقبل میں سیالکوٹ اور بنگلہ دیش کے مابین تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید پروان چڑھتا دیکھ رہے ہیں۔
بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ اپنی صنعتی مصنوعات کی بدولت دنیا بھر میں جانا جاتا ہے اور یہ ائیرپورٹ، جس کو پرائیویٹ سیکٹر نے بنایا اور کامیابی سے چلایا جا رہا ہے، بہت متاثر کن ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ مستقبل قریب میں بنگلہ دیش اور سیالکوٹ کے مابین ایویشن، کارگو اور ٹریڈ سمیت دیگر شعبوں میں مزید وسعت دیکھ رہے ہیں۔
دورے کے اختتام پر چیئرمین سیال ملک عبدالغفور کی جانب سے معزز بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔





اپنی رائے دیں