وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے جامعہ کراچی کے دورے کے دوران یونیورسٹی میں اسکول آف نرسنگ کے فوری قیام کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی غیر مشروط پیشکش کردی ہے تاکہ طبی تعلیم کے شعبے کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جیسے ہی جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی کی جانب سے اس سلسلے میں باقاعدہ خط موصول ہوگا، وہ فوری طور پر نرسنگ کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کریں گے۔
وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اس اہم معاملے میں تمام ضروری قانونی اور انتظامی مراحل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ طلبہ اور بالخصوص طالبات کو نرسنگ کے شعبے میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر آ سکیں۔
جامعہ کراچی کے اسکول آف نرسنگ کے قیام کی یہ خواہش یونیورسٹی کے نو تعینات وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی کی جانب سے تقریب سے قبل وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں ہونے والی ون ٹو ون ملاقات میں ظاہر کی گئی تھی۔
شعبہ کمپیوٹر سائنس کے زیر اہتمام منعقدہ کیریئر کنیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جامعہ کراچی ان کی مادر علمی کی حیثیت رکھتی ہے اور یہاں کے طلبہ کو مثبت سمت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ملک میں انتظامی یونٹس کی تشکیل اور پبلک سروس اداروں بالخصوص جامعات اور اسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے جاری سنجیدہ بحث کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نظام میں بہتری ناگزیر ہو چکی ہے۔
ملک کے شعبہ صحت پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ عالمی سطح پر اور بالخصوص پاکستان میں نرسنگ کے شعبے میں تربیت یافتہ عملے کی شدید کمی ہے جس کو پورا کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے آبادی کے بڑھتے ہوئے دباؤ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دستیاب وسائل اور آبادی میں توازن برقرار رکھنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ معیاری تعلیم کے فروغ اور طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔
وائس چانسلر نے شرکاء کو بتایا کہ جامعہ کا انتظامی نظام تیزی سے پیپر لیس سسٹم کی جانب بڑھ رہا ہے اور آئندہ دو ماہ کے اندر اس شعبے سے متعلق تمام امور کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کر دیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ چین کے قونصل جنرل نے پاک چین سینٹر آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور سینٹر فار سائبر سیکیورٹی کے قیام میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے جس سے جامعہ کے تکنیکی معیار میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئرمین ڈاکٹر صادق علی خان نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمیا اور انڈسٹری کے درمیان مضبوط رابطہ استوار کرنے کے لیے کیریئر کنیکٹ جیسے پروگراموں کا انعقاد انتہائی سودمند ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت ہزاروں طلبہ کمپیوٹر سائنس، سافٹ ویئر انجینئرنگ اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے شعبوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ سائبر سیکیورٹی اور ڈیٹا سائنس کے پروگرام بھی جلد شروع کیے جا رہے ہیں۔





اپنی رائے دیں