پاکستانی طلبہ کو ترکیہ کے تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ترک یونیورسٹی فیئر 2026 کا انعقاد 5 دسمبر کو اسلام آباد اور 7 دسمبر کو لاہور میں کیا جائے گا۔
اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں یہ نمائش صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی جبکہ لاہور کے نشاط ہوٹل میں بھی اسی اوقات کار کے دوران تعلیمی میلہ سجایا جائے گا۔
نمائش میں ترکیہ کی 33 جامعات کے نمائندگان شرکت کریں گے جو طلبہ کو مختلف شعبوں میں تعلیمی پروگراموں کے بارے میں آگاہی فراہم کریں گے۔
اس تعلیمی نمائش کا مشترکہ اہتمام استنبول ایجوکیشن سروسز اور معارف ایجنسی کر رہے ہیں جبکہ جمہوریہ ترکیہ کی وزارت تجارت اس سلسلے میں بھرپور معاونت فراہم کر رہی ہے۔
نمائش میں شرکت کرنے والی ممتاز جامعات میں مڈل ایسٹ ٹیکنیکل یونیورسٹی، استنبول ٹیکنیکل یونیورسٹی، انقرہ یونیورسٹی اور اتاترک یونیورسٹی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ استنبول یونیورسٹی جراح پاشا، ازمیر یونیورسٹی آف اکنامکس، اس کی شہر ٹیکنیکل یونیورسٹی اور ایسٹرن میڈیٹیرینین یونیورسٹی کے نمائندگان بھی موجود ہوں گے۔
ان تعلیمی اداروں میں طب، انجینئرنگ، فن تعمیر، ہوا بازی، کاروبار اور فن ون جیسے اہم شعبوں میں اعلیٰ تعلیم کے پروگرام پیش کیے جا رہے ہیں۔
نمائش کے دوران طلبہ اور ان کے والدین کو جامعات کے نمائندگان سے براہ راست ملاقات کرنے کا موقع ملے گا جہاں وہ داخلے کے معیار سے آگاہی حاصل کر سکیں گے۔
اس موقع پر وظائف، تعلیمی اخراجات، رہائش کی سہولیات اور انگریزی و ترکی زبانوں میں تدریسی پروگراموں سے متعلق تفصیلی معلومات بھی فراہم کی جائیں گی۔
ترکیہ بین الاقوامی طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کا ایک اہم مرکز بن چکا ہے اور تعلیمی سال 2024-25 کے دوران وہاں 182 ممالک اور خطوں سے تعلق رکھنے والے 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد بین الاقوامی طلبہ زیر تعلیم تھے۔
اس تعلیمی نمائش کے انعقاد کا بنیادی مقصد پاکستانی طلبہ کو ترکیہ کی جامعات میں داخلوں، تعلیمی پروگراموں اور وظائف کے مواقع سے متعلق مستند معلومات براہ راست فراہم کرنا ہے۔





اپنی رائے دیں