پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی نے چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ سے اپنا تاریخی خلائی مشن کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے اور وہ اپنے دو چینی ساتھیوں کے ہمراہ زمین کی جانب روانہ ہو چکے ہیں۔
ترجمان سپارکو کے مطابق پاکستانی خلا باز کی زمین پر واپسی کا سفر اتوار کی رات نو بجے شروع ہوا ہے اور وہ پیر کی صبح تقریباً دو بجے کے قریب شمالی چین کے علاقے ڈونگ فینگ میں لینڈ کریں گے۔
چینی حکام کا کہنا ہے کہ زمین پر واپسی اور ابتدائی طبی جانچ کے بعد تینوں خلا بازوں کو بحالی صحت کے مرکز ری ہیب منتقل کر دیا جائے گا جہاں ان کی صحت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
پاک فضائیہ کے پائلٹ محمد ذیشان علی زمین کے مدار میں داخل ہونے والے پہلے پاکستانی اور تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہیں جو گزشتہ ماہ 25 نومبر کو شینزو 24 خلائی جہاز کے ذریعے روانہ ہوئے تھے۔
خلائی اسٹیشن پر قیام کے دوران پاکستانی خلا باز نے پے لوڈ اس پیش لسٹ کی حیثیت سے فرائض سرانجام دیے اور خلائی تحقیق سے متعلق اہم ترین سائنسی تجربات میں حصہ لیا۔
ترجمان کے مطابق ذیشان علی نے خلا میں گرین مائیکرو فیکٹری کے قیام اور مرکب مواد یعنی کمپوزٹ مٹیریل کی شفا یابی کی صلاحیت جانچنے کے لیے خصوصی ٹیسٹ مکمل کیے۔
انہوں نے اس دوران ہائبرڈ مرکب حفاظتی ڈھال اور کوئنو کے بیجوں سے متعلق خلا میں کیے جانے والے تجربات بھی کامیابی سے پایہ تکمیل کو پہنچائے جنہیں سائنسی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے۔
چینی خلائی اسٹیشن پر پاکستانی خلا باز کی آمد کے موقع پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا تھا اور انہیں اس تاریخی سفر کی یاد میں ایک خصوصی تحفہ بھی پیش کیا گیا تھا۔
خلائی مشن کے ترجمان نے مزید بتایا کہ زمین کی طرف واپسی کے لیے خلائی جہاز تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے باضابطہ طور پر الگ ہو چکا ہے اور مقررہ وقت پر فضا میں سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔
یہ خلائی مشن پاکستان اور چین کے درمیان خلائی اور سائنسی تعاون کے شعبے میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس سے مستقبل میں مشترکہ تحقیقات کے نئے در وا ہوں گے۔
واپس آنے والے خلا بازوں میں ذیشان علی کے ہمراہ چین کے دو خلا باز ڑانگ ڑی یو ان اور لی جیا ینگ بھی شامل ہیں جو شینزو 23 مشن کا حصہ رہے ہیں۔



اپنی رائے دیں