سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے اعلان کیا ہے کہ اب ملک میں نئے چھوٹے صوبوں اور مقامی حکومتوں کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے اور وہ بہاولپور، جنوبی پنجاب اور ہزارہ صوبے کے قیام کے لیے بالکل تیار ہیں۔
بہاولپور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی درانی نے بتایا کہ پاکستان کے تمام ادارے اور نوجوان قیادت نئے چھوٹے صوبوں کے قیام کے لیے متفق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارم 47 والی سیاسی جماعتیں نئے صوبوں اور مقامی حکومتوں کی مخالف ہیں جبکہ فارم 45 والی سیاسی جماعتیں ان کے قیام کے حق میں ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ یوم اقبال کے دن اس تحریک کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے جس سے ملک میں معاشی ترقی ہوگی اور حکومتی اخراجات میں کمی آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بہاولپور کا بننا اب نوشتہ دیوار ہے اور یہ صوبہ ضرور بنے گا۔
ادھر دنیا نیوز کے مطابق محمد علی درانی کا یہ بھی کہنا ہے کہ بہاولپور اور صوبہ ہزارہ متفقہ قراردادوں کے بعد پہلے ہی وجود میں آچکے ہیں اور اسمبلی رہے یا نہ رہے منظور شدہ قراردادیں برقرار رہیں گی۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ چھوٹے صوبوں کی بات ملک توڑنے کی نہیں بلکہ جوڑنے کی ہے اور مقامی حکومتوں کے قیام سے عوام خوشحال ہوں گے اور نوجوان قیادت سامنے آئے گی۔




اپنی رائے دیں