طبی ماہرین کی جانب سے کی گئی ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ اگر روزمرہ خوراک میں استعمال ہونے والے عام نمک کو پوٹاشیم سے افزودہ نمک سے تبدیل کر دیا جائے تو دنیا بھر میں دل اور گردوں کی بیماریوں سے ہونے والی تقریباً 30 لاکھ اموات کو سالانہ روکا جا سکتا ہے۔ یہ تحقیق سائنسی جریدے ’نیچر ہیلتھ‘ میں شائع ہوئی ہے جس میں 193 ممالک کے اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔
تحقیق کے مطابق عام کھانے کا نمک بنیادی طور پر سوڈیم کلورائیڈ پر مشتمل ہوتا ہے، جبکہ پوٹاشیم ملا نمک تیار کرنے کے لیے اس میں موجود سوڈیم کلورائیڈ کا کچھ حصہ پوٹاشیم کلورائیڈ سے تبدیل کیا جاتا ہے۔ سوڈیم اور پوٹاشیم دونوں ایسے معدنی اجزا ہیں جو جسم کے معمول کے افعال کے لیے ضروری ہیں، تاہم ان کی مقدار میں توازن برقرار رکھنا انتہائی اہم ہے۔
سوڈیم کا زیادہ استعمال بلڈ پریشر بڑھانے کا سبب بنتا ہے، جو دل اور گردوں کے امراض کا ایک بڑا خطرہ ہے۔ آسٹریلیا کے جارج انسٹی ٹیوٹ فار گلوبل ہیلتھ کی محقق ڈاکٹر لی پنگ ہوانگ کا کہنا ہے کہ جدید دور کی غذا میں عموماً سوڈیم کی مقدار زیادہ اور پوٹاشیم کی مقدار کم ہوتی ہے، جو صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔
ڈاکٹر ہوانگ کے مطابق کئی دہائیوں سے صحتِ عامہ کے ادارے لوگوں کو نمک کم استعمال کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں، لیکن اس کوشش میں کامیابی محدود رہی ہے کیونکہ لوگوں کو نمک کا ذائقہ پسند ہے اور کھانے میں اس کی مقدار کم کرنا آسان نہیں۔ ان کے مطابق پوٹاشیم سے افزودہ نمک ایک امید افزا متبادل ہے کیونکہ اس سے کھانے کا ذائقہ نمایاں طور پر تبدیل نہیں ہوتا، جس کی وجہ سے لوگ اسے آسانی سے اپنی غذا میں شامل کر سکتے ہیں۔
تحقیق میں تخمینہ لگایا گیا ہے کہ اگر گھروں کے ساتھ ساتھ ریستورانوں اور بازار میں دستیاب تیار کھانوں میں بھی عام نمک کی جگہ پوٹاشیم ملا نمک استعمال کیا جائے تو دل اور گردوں کی بیماریوں کے ایک کروڑ سے زائد نئے کیسز سے بچا جا سکتا ہے۔ صرف گھروں میں اس تبدیلی سے 18 لاکھ 50 ہزار اموات کی روک تھام ممکن ہو سکتی ہے، جبکہ بازار کے کھانوں میں تبدیلی سے 15 لاکھ 60 ہزار اموات روکی جا سکتی ہیں۔
محققین نے چین کے دیہی علاقوں میں 2013 سے 2020 کے دوران ہونے والی ایک بڑی تحقیق ’سالٹ سب سٹی ٹیوٹ اینڈ اسٹروک اسٹڈی‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس میں عام نمک کی جگہ پوٹاشیم ملا نمک استعمال کرنے والے افراد میں فالج کا خطرہ 14 فیصد، دل کی بڑی بیماریوں کا خطرہ 13 فیصد اور تمام وجوہات سے موت کا خطرہ 12 فیصد کم پایا گیا تھا۔
ماہرین نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام اعداد و شمار کسی عملی عالمی تبدیلی کے بعد سامنے آنے والے نتائج نہیں بلکہ مختلف ممکنہ صورت حال کی بنیاد پر تیار کیے گئے تخمینے ہیں۔ اس تحقیق کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ صحت مند غذا کے لیے صرف نمک کی مقدار کم کرنا ہی نہیں بلکہ اس کی نوعیت اور اس میں موجود اجزا پر توجہ دینا بھی اہم ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ نمک ہر شخص کے لیے یکساں محفوظ نہیں ہے۔ گردوں کے شدید مریضوں یا ایسی ادویات استعمال کرنے والے افراد جن سے خون میں پوٹاشیم کی سطح بڑھ سکتی ہے، انہیں یہ نمک استعمال کرنے سے پہلے اپنے معالج سے لازمی مشورہ کرنا چاہیے۔ گردوں کی خرابی کی صورت میں خون میں پوٹاشیم کا جمع ہونا دل کی دھڑکن میں خطرناک بے ترتیبی پیدا کر سکتا ہے۔
غذائی ماہر مشیل روتھنسٹائن کا کہنا ہے کہ پوٹاشیم ملا نمک استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو اپنی غذا میں دالیں، خربوزہ، سبز سو یا بین اور کی وی جیسے پوٹاشیم سے بھرپور پھل بھی شامل کرنے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیک شدہ غذاؤں اور چٹنیوں میں موجود سوڈیم کی مقدار کم کرنا بھی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
مشیل روتھنسٹائن نے خبردار کیا کہ لیزینوپریل، لوسارٹن، اسپائرونولیکٹون اور اینٹریسٹو جیسی ادویات استعمال کرنے والے مریضوں کو پوٹاشیم ملا نمک استعمال کرنے میں انتہائی احتیاط برتنی چاہیے۔ ان ادویات کے ساتھ پوٹاشیم کا استعمال خون میں پوٹاشیم کی سطح کو خطرناک حد تک بڑھا سکتا ہے، جس سے دل کے برقی نظام میں سنگین خرابی پیدا ہوسکتی ہے۔
محققین کے مطابق اس تبدیلی کے سب سے زیادہ فوائد چین اور بھارت جیسے گنجان آبادی والے ممالک میں متوقع ہیں، تاہم عالمی سطح پر اس کے نفاذ کے لیے حکومتوں اور غذائی صنعت کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اس عمل میں کئی دہائیاں لگ سکتی ہیں کیونکہ اس کے لیے نمک کی دستیابی، قیمت کو عام آدمی کی پہنچ میں رکھنا اور صارفین میں آگاہی پیدا کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔





اپنی رائے دیں