عالمی سطح پر معروف چپ ساز کمپنی ان وڈ یا کے بورڈ نے اس امر کی جانچ پڑتال شروع کر دی ہے کہ آیا سی ای او جینسن ہوانگ کسی غیر ملکی انٹیلی جنس کوشش کا ہدف بنے تھے یا نہیں۔
یہ اندرونی تحقیقات ایک میڈیا رپورٹ کے بعد سامنے آئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ جینسن ہوانگ کے ایک چینی کاروباری خاتون کے ساتھ قریبی مراسم تھے جنہوں نے مبینہ طور پر بیجنگ کو معلومات فراہم کی تھیں۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ نے ملازمین کو بھیجے گئے ایک پیغام میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے اقدامات کی مکمل ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاملے کے منظر عام پر آنے کے بعد امریکی شیئر مارکیٹ میں ان وڈ یا کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی اور بعد از وقت ٹریڈنگ کے دوران حصص چار فیصد سے زائد گر گئے۔
بروکریج فرم پیپر اسٹون کے تحقیق کے سربراہ کرس ویسٹن کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کا ردعمل ظاہر کرتا ہے کہ اس صورتحال سے اسٹاک پر دباؤ پڑا ہے تاہم انہوں نے جینسن ہوانگ کے عہدے سے ہٹنے کے امکان کو مسترد کیا۔
امریکی سرمایہ کار بل اکمین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر یہ معاملہ صرف ازدواجی بے وفائی تک محدود ہے تو ٹھیک ہے لیکن اگر اس میں قومی سلامتی کا کوئی خطرہ ہوا تو یہ ایک بڑا مسئلہ بن سکتا ہے۔
ٹیسلا کے سربراہ ایلن مسک نے اس بیان پر اتفاق کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ عمل امریکہ کے لیے نقصان دہ ہے لیکن ان وڈ یا کی قیادت کے لیے جینسن ہوانگ کا ہونا ناگزیر ہے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے اس معاملے پر تاحال جینسن ہوانگ سے کوئی بات چیت نہیں کی تاہم انہوں نے موصوف کو ایک بہترین انسان قرار دیا۔
سی ای او کی صاحبزادی اور ان وڈ یا کی ایگزیکٹو میڈیسن ہوانگ نے جنوبی کوریا کے دورے کے دوران شیڈولڈ ملاقاتیں منسوخ کر دی ہیں جبکہ جنوبی کوریا کی وزارتِ سائنس نے واضح کیا ہے کہ اس صورتحال سے گرافکس پروسیسنگ یونٹس کی ترسیلات متاثر نہیں ہوں گی۔





اپنی رائے دیں