کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ٹریلر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت فائزہ کے نام سے ہوئی ہے، جن کے ہاں 3 نومبر کو بچے کی پیدائش متوقع تھی۔ متوفیہ اپنے شوہر کے ہمراہ سندھ گورنمنٹ ہسپتال سے طبی معائنے کے بعد گھر واپس جا رہی تھیں۔
خاندان کے مطابق فائزہ سات بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھیں اور احسن آباد میں رہائش پذیر تھیں۔ حادثے کے بعد سے اہل خانہ صدمے کی کیفیت میں ہیں اور گھر میں آنے والی خوشیوں کا انتظار سوگ میں بدل گیا ہے۔
اس سے قبل لیاقت آباد 10 نمبر پل کے قریب پیش آنے والے اس حادثے میں مشتعل افراد نے ٹریلر کو آگ لگا دی تھی جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔
علاقہ مکینوں نے شہر میں ہیوی ٹریفک کی آمدورفت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بے قابو رفتار سے چلنے والی گاڑیوں کو فوری روکا جائے تاکہ مزید قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔


اپنی رائے دیں