سپریم کورٹ آف پاکستان نے واضح کیا ہے کہ عمر قید کی سزا پانے والے مجرم کو کم از کم پندرہ سال قید کاٹنا ہوگی۔ عدالت کا کہنا ہے کہ صدارتی معافی یا اچھے رویے کی بنیاد پر بھی سزا کی مدت پندرہ سال سے کم نہیں کی جاسکتی۔
عدالتِ عظمیٰ نے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والے ملزم گل نواب کو نو سال قید کے بعد رہائی ملنے پر دوبارہ جیل بھجوانے کا حکم دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ملزم نے قانون اور عدالتی فیصلوں کے مطابق اپنی سزا پوری نہیں کی۔
منگل کے روز سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ملزم گل نواب کی بریت سے متعلق اپیل پر سماعت کی۔ اس بینچ کی سربراہی جسٹس ہاشم کاکڑ نے کی جبکہ اس میں جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس اشتیاق ابراہیم بھی شامل تھے۔
دورانِ سماعت عدالت کے سامنے بتایا گیا کہ ملزم کو قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اچھے رویے اور صدارتی معافی کی بنیاد پر سولہ سال سزا معاف ہونے کے بعد ملزم صرف نو سال قید کاٹ کر جیل سے رہا ہوگیا تھا۔
عدالت نے ملزم کی رہائی کا نوٹس لیتے ہوئے خیبرپختونخوا کے ہوم سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کو طلب کیا تھا اور بعد ازاں ملزم کو دوبارہ جیل بھیجنے کا حکم صادر کیا۔
وکیل شبیر حسین گگیانی نے ملزم کو دوبارہ جیل بھیجنے کے عدالتی فیصلے پر اعتراض اٹھایا۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ عدالت کے فیصلے کے بعد خیبرپختونخوا کی جیلوں میں ایمرجنسی جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور ہزاروں قیدیوں کی سزائیں مکمل ہونے کے باوجود ان کی رہائی رک گئی ہے۔
وکیل نے مزید کہا کہ پہلے وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کی تھی اور اب عدالت کے فیصلے سے جیلوں میں ایسی صورتحال بن گئی ہے۔ انہوں نے اپنے مؤکل کے حق میں سپریم کورٹ کے مختلف سابقہ فیصلوں کا حوالہ بھی دیا۔
جسٹس صلاح الدین پنہور نے ریمارکس دیے کہ اگر وکیل کے بقول عدالت کے فیصلے سے ناانصافی ہوئی ہے تو اس کی پوری ذمہ داری عدالت خود لیتی ہے۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم نے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کریں جس کا عدالت جائزہ لے لگی۔ اس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ وہ پہلے ہی بتا دیتے ہیں کہ نظرثانی درخواست بھی مسترد سمجھی جائے۔
وکیل شبیر حسین گگیانی نے مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکل کو سنائی گئی عمر قید میں اچھے اخلاق اور صدارتی معافی کو ملا کر مجموعی طور پر سولہ سال کی قید معاف کی گئی تھی۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے اس پر استفسار کیا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ قتل کا ملزم صرف نو سال بعد جیل سے باہر آ جائے۔ انہوں نے ریمارکس دیے کہ خیبرپختونخوا میں ہر طرف ظلم ہی ظلم ہے جہاں قتل کے مقدمات میں ایک یا چار قتل کی صورت میں بھی پشاور ہائیکورٹ تمام سزائیں بیک وقت سنا دیتی ہے۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے وکیل کی جانب سے سابقہ فیصلوں کے حوالے دیے جانے پر ریمارکس دیے کہ ان فیصلوں کو چھوڑ دیا جائے اور جہاں عدالت کھڑی ہوگی، لائن وہیں سے شروع ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قتل کریں گے تو جیل بھی جانا پڑے گا۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیے کہ اگر ریاست اسی طرح سزائیں معاف کرتی رہی تو مقتولین کے ورثا کے حقوق کا کیا بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ قاتل کی سزا معاف کرنا مقتولین کے ورثا کے حقوق سے متعلق معاملہ ہے اور ایسا نہیں ہوسکتا کہ سزاؤں پر عمل درآمد کا اختیار بھی انتظامیہ اپنے ہاتھ میں لے لے۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ قتل کے مقدمات میں سزا سنائے جانے کی شرح صرف ایک سے دو فیصد ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ قتل کے مقدمات میں عمر قید کی سزا پانے والے مجرم کو ہر حال میں کم از کم پندرہ سال قید بھگتنا ہوگی۔
عدالتِ عظمیٰ نے اس کیس کی مزید سماعت چار ہفتوں کے لیے ملتوی کردی ہے۔




اپنی رائے دیں