پشاور میں عالمی یوم اطفال دو ہزار چھبیس کے سلسلے میں صوبائی سطح پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں کے حقوق، تحفظ اور فلاح و بہبود کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ تھے جنہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بچوں کی فلاح و بہبود کو معاشرتی ترقی کی بنیاد قرار دیا۔
تقریب کا یہ انعقاد ریڈیو پاکستان پشاور کے صاحبزادہ عبدالقیوم آڈیٹوریم میں خیبرپختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن کے زیر اہتمام عمل میں لایا گیا۔ تقریب میں سیکرٹری زکوٰۃ، عشر، سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ترقیِ خواتین معتصم باللہ شاہ، ایڈیشنل چیف چائلڈ پروٹیکشن کمیشن اعجاز محمد خان، یونیسیف کے نمائندے محمد عثمان عبدی، ہیلویٹاس پاکستان کی نمائندہ شازیہ حنا درانی، چائلڈ پروٹیکشن آفیسر بشریٰ اجمل سمیت سرکاری محکموں، ترقیاتی شراکت داروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، بچوں اور والدین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر عبداللہ نے واضح کیا کہ ہر بچے کو بدسلوکی، استحصال، تشدد اور غفلت سے پاک محفوظ ماحول مہیا کرنا ناگزیر ہے اور بچوں کے حقوق کا تحفظ محض ایک قانونی تقاضا نہیں بلکہ بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے خیبرپختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر ایکٹ دو ہزار دس اور اس میں دو ہزار بائیس کی اصلاحاتی ترامیم ایک مضبوط قانونی فریم ورک مہیا کرتی ہیں۔
مشیر تعلیم و سماجی بہبود نے بتایا کہ کمیشن اب تک پینتیس ہزار سات سو چونسٹھ بچوں تک رسائی حاصل کر چکا ہے جن میں اکیس ہزار تین سو پینتالیس لڑکے اور بارہ ہزار چھ سو چونسٹھ لڑکیاں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن نے سات ہزار آٹھ سو نوے بچوں اور خاندانوں کو قانونی معاونت دی، گمشدہ بچوں کے تین ہزار چار سو چھپن کیسز حل کیے، گھر سے جانے والے چار سو چھپن بچوں کی مدد کی اور چھ سو اٹھتر بچوں کو ان کے خاندانوں سے بحفاظت ملایا۔
تقریب کے دوران سرپرستی یعنی گارڈین شپ کے معیاری طریقہ کار کے ایس او پیز کا باضابطہ اجرا کیا گیا تاکہ بچوں کی دیکھ بھال کے نظام کو مزید شفاف اور منظم بنایا جا سکے۔ اس موقع پر یونیسیف کے تکنیکی تعاون سے تیار کردہ ان ایس او پیز کو بچوں کے بہترین مفاد میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا جبکہ سرپرستی کے آن لائن ڈیٹا بیس اور پورٹل کی تیاری کو بھی سراہا گیا۔
معروف سماجی کارکن و مذہبی اسکالر ولی اللہ معروف کی بطور خیبرپختونخوا چائلڈ پروٹیکشن برانڈ ایمبیسیڈر نامزدگی کے سلسلے میں کمیشن اور ان کے درمیان باہمی تعاون کے ٹی او آرز پر دستخط بھی کیے گئے۔ ڈاکٹر عامر عبداللہ نے ولی اللہ معروف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گزشتہ پانچ سے چھ برسوں میں ہزاروں بچھڑے ہوئے بچوں کو ان کے خاندانوں سے ملایا ہے اور وہ یہ خدمات بلا معاوضہ انجام دے رہے ہیں۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے ضلعی سطح پر تحفظ اطفال کے نظام کو مزید توانا کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بارہ چائلڈ پروٹیکشن یونٹس کے ساتھ مزید پانچ یونٹس کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہیلویٹاس پاکستان کی جانب سے آٹھ سو بچوں کو فنی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کی تربیت دینے کے اقدام کو بھی سراہا اور متعلقہ اداروں کے مابین رابطہ کاری کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔
تقریب کے آخر میں بچوں کی جانب سے ایک دلکش اسٹیج پرفارمنس بھی پیش کی گئی جس میں معاشرے میں بچوں کے حقوق اور ان کو درپیش مسائل کی عکاسی کی گئی تھی۔ تقریب کے اختتامی مراحل میں مشیر تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ نے محکمہ سماجی بہبود کے حکام اور معاون اداروں کے نمائندوں میں یاد گا ری شیلڈز تقسیم کیں جبکہ تقریب میں شریک بچوں میں تحائف اور کٹس بھی پیش کی گئیں۔





اپنی رائے دیں