ایبٹ آباد میں ہزارہ موٹروے پر حویلیاں انٹرچینج کے قریب مسافر بس اور ڈمپر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
یہ حادثہ جمعہ کے روز پیش آیا جہاں گلگت سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس کا اچانک ٹائر پھٹ گیا جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو برقرار نہ رکھ سکا۔
بے قابو ہونے کے بعد مسافر بس سڑک پر موجود ایک ڈمپر سے جا ٹکرائی جس سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ایبٹ آباد کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ کی طرف روانہ ہو گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد امدادی کارروائیوں کے لیے سات ایمبولینسز اور ایک ریسکیو وہیکل موقع پر بھیجی گئی۔
ریسکیو اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال ایبٹ آباد اور ایوب میڈیکل کمپلیکس پہنچایا گیا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے افراد میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس کے مسافروں اور جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق گلگت سے ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ہزارہ موٹروے پر پیش آنے والے اس افسوسناک ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی فوری طور پر یقینی بنائی جائے۔




اپنی رائے دیں