کراچی کے علاقے گڈاپ میں پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے ملازمت کا جھانسہ دے کر 59 لڑکیوں کے موبائل فونز لوٹنے والے مرکزی ملزم بابر کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم نے انتہائی چالاکی سے متاثرہ لڑکیوں کو نوکری کا لالچ دے کر ایک مقام پر اکٹھا کیا اور ان کے موبائل فونز لے کر فرار ہو گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم بابر اس واردات کا ماسٹر مائنڈ تھا اور اس نے ہی پورے منصوبے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ گرفتاری کے وقت ملزم ان موبائل فونز کو فروخت کرنے کے لیے لے جا رہا تھا، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے دبوچ لیا۔
پولیس کی جانب سے دی گئی تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 40 موبائل فونز اور ایک پستول برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزم کو تحویل میں لے کر اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور اس کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
اس واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کو پولیس پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم کی گرفتاری سے اس گروہ کے نیٹ ورک کے حوالے سے مزید اہم معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے اور تفتیش کا عمل تیزی سے جاری ہے۔



اپنی رائے دیں